صحت مند معاشرے کیلئے سپورٹس سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، میاں افتخار حسین

ْ سپورٹس سے وابستہ نوجوانوں پر معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں ہماری اپنی ہیں تاہم خواہش ہے کہ ٹورنامنٹ پشاور زلمی کے نام ہی رہے

جمعرات 1 مارچ 2018 19:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیاں نوجوان نسل کیلئے اکسیر کا درجہ رکھتی ہیں اور سپورٹس سے وابستہ نوجوانوں پر معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں گفتگو کے دوران کیا ، اس موقع پر انہیں پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے کٹ بھی پیش کی گئی ، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں شریک تمام ٹیمیں ہماری اپنی ہیں اور یہ ملک کا خاس ایونٹ ہے تاہم خواہش ہے کہ ٹورنامنٹ پشاور زلمی کے نام ہی رہے، انہوں نے کہا کہ ابتداء میں ٹیم کی پوزیشن زیادہ مضبوط نہیں رہی البتہ محنت کی ضرورت ہے اور خیبر پختونخوا کی دعائیں پشاور زلمی کے ساتھ ہیں ،انہوں نے کہاکہ جو محنت کرے اور اچھا کھیل پیش کرے جیت اسی کا حق ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ گزشتہ سیزن کی فاتح پشاور زلمی اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ کرکٹ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول اور پسندیدہ کھیل ہے ، مر و خواتین کی اس میں دلچسپی جنون کی حد تک ہے ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ایک عرصہ تک دہشت گردی کا شکار رہا اور ہم سب کی خواہش ہے کہ پشاور زلمی کی فتح سے صوبے کے عوام کو ایک خوشی میسر آئے گی،انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے سپورٹس سرگرمیاں نہایت ہی اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

کھیلوں سے ایک طرف صحت مند اور تواناجسم پیداہوتاہے جبکہ دوسری طرف ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کاجذبہ پیداہوتاہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے کھیلیں نہایت ہی اہم کردار اداکرتی ہیں۔انہوں نے کٹ پیش کرنے پر پشاور زلمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی ایس ایل میں ٹیم کی فتح کیلئے دعا گو ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں