سماری روڈ پر5کروڑ روپے کی لاگت سے 3ما ہ میں کام شروع ہوجائے گا،محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی کھلی کچہری میں یقین دہانی

بدھ 28 فروری 2018 22:00

پشاور۔28فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ سمیع اللہ نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیا س کی ہدایت پریونین کونسل سماری میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میںمنتخب نمائندوں،سرکاری محکموں کے سربراہوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صاحبزادہ سمیع اللہ نے کھلی کچہری کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کھلی کچہریوںکے نتائج انتہائی حوصلہ افزاء ہیں ان میں پیش کردہ عوام کے تقریباً90فیصد مسائل حل ہوئے ہیں اور انشاء اللہ اس کچہری کے بھی حسب توقع نتائج سامنے آئیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ ان کھلی کچہریوںمیں ماضی کے برعکس یہاں پر کئے گئے ہر فیصلے کا باقاعدہ فالو اپ کیا جاتاہے اور مکمل ڈائری کی شکل میں اس کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھی دی جاتی ہے اور متعلقہ ادارے پیش رفت سے آگاہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ کھلی کچہریوں میں فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور عملدرآمد نہ کرنے والوں سے نہ صرف باز پرس کی جاتی ہے بلکہ حکم عدولی کی صورت میں ایکشن بھی لیا جاتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ منتخب نمائندوںاور عوام نے دل کھول کر اپنے انفرادی و اجتماعی بنیادی مسائل موثر انداز میںپیش کرنے کے علاوہ ان کے حل کے لئے مثبت تجاویز بھی دیں ۔

6کلومیٹر طویل سماری روڈ کی مرمت سے متعلق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے بتایا کہ اس روڈ کے لئے پہلے ہی وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کی ہیں اور اس کیلئے 5کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں اور انشاء اللہ سماری روڈ پر 3ما ہ کے اندراندر کام شروع کردیاجائے گا۔اسی طرح سماری یونین کونسل میں پینے کے پانی کا گھمبیر مسئلہ حل کرنے کے لئے RAHAنے 2کروڑ روپے کا پراجیکٹ تیار کیاہے جبکہ خراب پائپس کی تبدیلی کے لئے بھی 65لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے وہاں کے عوام کی ڈیمانڈ پر متعلقہ حکام کی باہمی مشاورت سے پلے گراؤنڈ کی تعمیر اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقا د کا بھی یقین دلایا۔ محکمہ صحت نے ہسپتال میں پانی کی فوری فراہمی کا بھی یقین دلایا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں