انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے حوالے سے امپورٹرز اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے تحفظات دورکریں گے،میاں جمشید

کلیئرنگ ایجنٹس اور امپورٹرزنے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس پر نظرثانی کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال موخر کردیا

جمعرات 2 جون 2016 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء)صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الد ین کاکا خیل نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے حوالے سے امپورٹرز اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے تحفظات دور کرنے اور اس کی شرح میں کمی کرنے سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے مشاورت کرنے کیلئے 2 دن کی مہلت مانگ لی جبکہ کلیئرنگ ایجنٹس اور امپورٹرزنے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس پر نظرثانی کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی سربراہی میں فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ خیبر پختونخوا کے صدر ضیاء الحق سرحدی ٗ خالد شہزاد ٗ فاروق احمد اور فضل ودود سمیت امپورٹرز کے وفد نے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل سے جمعرات کے روز ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز محمد اسرار اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ناصر خان بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے نفاذ کے حوالے سے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس اور امپورٹرز کے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس ٹیکس کی شرح نہ صرف کم ہے بلکہ یہ ٹیکس مال کی ویلیو پر وصول کیا جارہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے اس ٹیکس کی شرح ایک فیصد رکھی ہے اور یہ ٹیکس مال کی ویلیو اور تمام ادا کردہ ٹیکسز پر لیا جا رہا ہے جو کراچی کی نسبت ڈبل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی وجہ سے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس اور امپورٹرزمشکلات کا شکار ہیں اور امپورٹ کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی شرح کم کرنے اور ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار پر نظرثانی سمیت ادا کردہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ بھی کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جمشید الد ین کاکا خیل نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے پیش کردہ تحفظات سے اتفاق کیا اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے حوالے سے امپورٹرز اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے تحفظات دور کرنے اور اس کی شرح میں کمی کرنے سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے مشاورت کرنے کیلئے 2 دن کی مہلت مانگی ۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس پر نظرثانی کرنے کی یقین دہانی کے بعد امپورٹرز اور کلیئرنگ ایجنٹس نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں