تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت نے صوبہ میں ایک منفرد طرز حکمرانی رائج کی ہے۔مشتاق احمد غنی

جمعہ 27 مئی 2016 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت نے صوبہ میں ایک منفرد طرز حکمرانی رائج کی ہے جس میں میرٹ اور شفافیت کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ میں احتساب کا عمل یقینی بنایا گیا ہے۔موجودہ حکومت کے ابتدائی2سال اداروں کی حالت زار بہتر بنانے اور نظام کی درستگی میں صرف ہو گئے۔

صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت تمام اداروں کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے حکومتی پالیسیوں اور عوامی مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو عوام تک بروقت پہنچانے اور میڈیا کے ساتھ موثر رابطوں کے فروغ کے لئے محکمہ اطلاعات کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق استوار کیا جا رہا ہے اور اس محکمہ میں ایسی جدید اصطلاحات لائی جا رہی ہیں جو کہ دوسرے صوبوں کے لئے بھی رہنمائی کا باعث ثابت ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز خیبر پختونخوا کے تین روزہ دورہ پر آئے ہوئے پنجاب کے صحافیوں پر مشتمل 11رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کو خیبر پختونخوا حکومت کی مجموعی کارکردگی اور خصوصی اقدامات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے زندگی کے تمام شعبوں باالخصوص تعلیم،صحت اور پولیس نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں جبکہ اس کے علاوہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیااور سڑکوں کی پختگی اور کشادگی پر کام کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالخلافہ پشاور کی خوبصورتی و بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں صوبہ میں گندم کی اعلیٰ پیداوار کے لئے اعلیٰ تخم کی کاشتکاروں کو مفت فراہمی شروع کی گئی ہے صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے انہوں نے وفد کو بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس صوبے کو بہت قربانی دینا پڑی ہے لیکن یہاں کے عوام کے حوصلے پر عزم ہیں اور وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ وفاق کے غیر مناسب رویہ کی وجہ سے خیبر پختونخوا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وفاق کے ذمہ صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے مالی مسائل کا سامنا ہے لیکن محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت کی کارکردگی تسلی بخش ہے جس تبدیلی کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا وہ یہاں واضح محسوس کی جا سکتی ہے ۔ محکمہ اطلاعات سے متعلق وفد کو تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں انے کہا کہ حکومتی خصوصی اقدامات کی موثر تشہیر اور عوام کی مختلف محکموں کی کارکردگی سے متعلق آراء لینے کے لئے ایک نظام تشکیل دیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ صحافیوں کی سہولیات کے لئے جدید طرز پر مبنی پریس کانفرنس روم تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے صوبائی وزراء کی کسی بھی ایشو پرویڈیو براہ راست ٹی وی چینلز کو فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میں قائم اطلاع سیل جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک عمدہ مثال ہے جس کے تحت حکومتی اقدامات اور تمام محکموں سے متعلق کسی بھی قسم کی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی خبروں کی مانیٹرنگ کر کے ایک ہی وقت میں متعلقہ محکموں کے وزراء ا ور انتظامی سربراہان کو بھیجی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کی موثر تشہیر کے لئے صحافیوں کی مکمل رہنمائی کیساتھ انہیں بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے اور محکمہ اطلاعات کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ قریبی تعلق برقرار رکھے تاکہ حکومتی اقدامات سے متعلق عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں