پشاور کے ضلع کونسل نے بجٹ میں کٹوتی پر تشویش کا اظہار،دھرنے کافیصلہ

اپوزیشن و حکومتی ممبران نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلدیاتی نظام کو مذاق قراردے دیا

بدھ 25 مئی 2016 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) پشاور کے ضلع کونسل نے بجٹ میں کٹوتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیاجبکہ پشاور میں ڈبلیوایس ایس پی کے کنٹریکٹ کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اپوزیشن اور حکومتی ممبران نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلدیاتی نظام کو مذاق قراردے دیا۔

پشاور کے مضافاتی علاقے لڑمہ سے کامیاب ہونیوالے آزاد امیدوار ملک گل افضل نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کے بعد گزشتہ روز ضلعی اسمبلی اجلاس کے دوران عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن کی سیٹوں میں بیٹھ گئے۔ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی ممبران نے بجٹ میں کٹوتی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ ایم پی ایز کو ناراض نہ کرنے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ایسا کررہے ہیں کلاس فور ملازمین کی نوکریاں بھی ان کو دی جارہی ہے ہسپتالوں اور تعلیم کا نظام درہم برہم ہے ان کے پاس کسی قسم کا اختیار نہیں ہے ایک سال تک انہوں نے یہ رونا رویا کہ ان کی بے عزتی نہ کی جائے اور اب ان کو دی جانے والی فنڈز کو بھی کم کیا جارہا ہے اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی تو عوام سے چھپ جاتے ہیں لیکن وہ چھپ بھی نہیں سکتے عوام سے جھوٹ کے وعدے کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ن لیگ فرید اﷲ نے کہا کہ پشاور کے نواحی علاقے موسیٰ زئی میں چوکی انچارج جعفر شاہ نے چرس دینے کا پرمٹ دیا ہوا ہے اس معاملے کو ایس ایس پی کے نوٹس میں لایا گیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر صفدر باغی نے صوبائی حکومت سے چھ مہینے کیلئے ضلعی حکومت حوالے کرنے کامطالبہ کرکے پشاور کو رول ماڈل کے طور پر سامنے لانے کا چیلنج دیدیا جبکہ بلدیاتی ملازمین کو اپ گریڈ کرنے کی پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر رضا اﷲ خان نے پیش کردی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

ضلع کونسل میں حکومتی ‘ اتحادی اور اپوزیشن ممبران ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور عدم تعاون پر ممبران برہم ہو گئے اور کونسل کے تمام ممبران نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا ۔اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے ممبر سردار عالم کی جانب سے وزیراعظم پر تنقید کرنے پر (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر رحم دلنواز نے حکومتی اور اتحادی پارٹیوں کے ممبران کو کھری کھری سنادیں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں