تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے لے کر درست سمت میں پیش رفت کر رہی ہے،محمدعاطف

ماضی میں ترقیاتی سکیمیں عوامی مفاد میں نہیں بلکہ ذاتی مفاد کے حصول اور مخصوص لوگوں کو نوازنے کے لیے منظور کیے جاتے تھے جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے ۔ہماری حکومت کسی فرد یا افراد کو خوش کرنے کی بجائے عوامی مفادکو مقدم رکھے گی،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 21 مئی 2016 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے لے کر درست سمت میں پیش رفت کر رہی ہے ماضی میں ترقیاتی سکیمیں عوامی مفاد میں نہیں بلکہ ذاتی مفاد کے حصول اور مخصوص لوگوں کو نوازنے کے لیے منظور کیے جاتے تھے جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے ۔

ہماری حکومت کسی فرد یا افراد کو خوش کرنے کی بجائے عوامی مفادکو مقدم رکھے گی اور ترقیاتی کام خالص میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں گے ۔وہ اپنی رہائشگاہ پر یونین کونسل بخشالی ، کٹہ خٹ ، پار ہوتی ، چاربانڈہ اور دیگر یونین کونسلوں کے نمائندہ وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔وفود میں پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شامل تھے ۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہا کہ ہم سب کو سیاسی اور گروہی مفادات کو ایک طرف رکھ کر عوام کے مفاد کے لیے کام کرنا چاہئیے اور اگر ہماری روش وہی ماضی کی مفادات کی سیاست کی طرح رہی تو ترقیاتی کاموں سے لوگوں کی جیبیں تو بھر جائیں گی مگر عوام اس کے ثمرات سے محروم رہیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ پی کے 30 میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے مزید منصوبے بھی شامل کیے جارہے ہیں پار ہوتی میں دس کروڑ ، سکندری پوردل آباد میں ساڑھے چار کروڑ اوربخشالی میں پانچ کروڑروپے کی لاگت سے گلی کوچوں کی تعمیراورپختگی کاکام تیزی سے جاری ہے ۔

اسی طرح حلقے میں 31 کروڑ روپے کی مزید سکیمیں بھی منظور کی گئی ہیں ۔پی کے 30 میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلزماڈل سکول پر جلد کام شروع ہوگا جبکہ چاربانڈہ بی ایچ یو کی اپ گریڈیشن پر 25 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔بخشالی میں آٹھ نئے ٹرانسفارمر اور ڈیڑھ سو پولز نصب کیے گئے ہیں جبکہ جنازہ گاہ کا تعمیراتی کام بھی اگلے چند دن میں شروع ہو گا ۔

اس موقع پر گرلز ڈگری کالج کی تعمیر پر بخشالی اور گجرات کے مابین تنازعہ بھی زیر غور آیا صوبائی وزیر نے بخشالی سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل جرگے کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے خالص میرٹ کی بنیاد پرفیصلہ ہوگا اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ۔ تمام سیاسی رہنماؤں نے اس سلسلے میں فیصلے کے لیے ضلعی کونسلر شاہد باچہ ، طارق آریانی اور جہانزیب افضل پر مشتمل جرگے کو تحریری طور اختیار دیا کہ وہ اس سلسلے میں جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ان کو منظور ہوگا ،جرگہ ارکان نے معززین کے اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مکمل غیر جانبداری سے عوامی مفاد میں اس مسئلے کو حل کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں