پشاور ‘ 3 مبینہ خودکش حملہ آور خودکش جیکٹ کے دھماکے میں ہلاک

جمعہ 20 مئی 2016 14:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 3 مبینہ خودکش حملہ آور خودکش جیکٹ کے دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 3 مبینہ خودکش حملہ آور اپنے ہدف کی جانب جارہے تھے کہ اسی دوران پشاور کے علاقے ریگی لالما میں، دہشت گردوں میں سے ایک کے پاس موجود خودکش جیکٹ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں تینوں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ کاشف ذوالفقار کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار، خودکش حملہ آور کو پشاور میں ہدف کی طرف لے جارہے تھے کہ اس دوران خودکش جیکٹ پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 9 دستی بم اور کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ‘دہشتگردوں کی لاشوں کے اعضاء کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل ‘ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ۔واضح رہے کہ دو روز قبل پشاور کے نواحی علاقے متھرا میں بھی یکے بعد دیگرے سڑک کنارے نصب 2 ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ‘ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 11 اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں