گندم کی خریداری کے سلسلے میں معیار اورشفافیت کو یقینی بنایا جائے،حاجی قلندر خان لودھی

جمعرات 19 مئی 2016 22:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے محکمہ خوراک کے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی خریداری کے سلسلے میں معیار اورشفافیت کو یقینی بنائیں اور حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کے مقررہ اہداف کوحاصل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں محکمہ خوراک کودرپیش مسائل کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں سیکرٹری خوراک عصمت اﷲ خان گنڈا پور ،ڈائریکٹر خوراک انور خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر قاضی فرید اﷲ اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے گندم کی خریداری سے متعلق اعتراضات ،رمضان المبارک کے مہینے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کوکنٹرول کرنے اورسستے بازاروں کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران گوشت فروشوں پر کڑی نظر رکھنے اور قصابوں کی دکانوں پر جالیاں لگانے اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ گوشت کی حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے سے متعلق بھی فیصلے کئے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ صوبے کی ضرورت کے مطابق بہتر معیارکی گندم کی خریداری کرے گا ۔انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تاہم انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کومناسب رکھنے کیلئے خصوصی لائحہ عمل اور صوبے کے عوام کے لئے مختلف مقامات پر سستے بازاروں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران سے کہاکہ رمضان کے مہینے میں گراں فروشی کی روک تھام کے لئے روزانہ کی بنیادپر چیکنگ کریں اور محکمہ سے متعلق عوام کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں