چترال سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے،پرویزخٹک

حکومت دسیتاب وسائل کے مطابق قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کو ریلیف دے رہی ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 19 مئی 2016 22:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے چترال میں تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے اور چترال کو سپیشل صنعتی زون میں شامل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے چترال چیمبر آف کامرس کے دفتر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرکے سمری بھیجنے جبکہ روڈ انفراسٹرکچر اورنکاسی آب کی بحالی کی سکیمیں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈالنے کی ہدایت کی ہے وہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صدر چترال چیمبر آف کامرس سرتاج احمد کی سربراہی میں چیمبر کی کابینہ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔

صوبائی محکموں معدنیات ، صنعت، مواصلات و تعمیرات کے انتظامی سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، سمیڈا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے چترال میں تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع چترال کو اسکے قدرتی و معدنی وسائل کی بنیاد پر دیر پا ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے جس کے لئے موثر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر چترال کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ حکومت نے چترال سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے جس پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ چترال میں موجود قدرتی و معدنی وسائل کی اہمیت کا نہ صرف حکومت کو ادراک ہے بلکہ اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ نے چترال کی تاجربرادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت دسیتاب وسائل کے مطابق قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کو ریلیف دے رہی ہے تاہم عوام اور کاروبار ی حضرات کو بھی چاہیئے کہ وہ غیر محفوظ جگہ پر تعمیرات و تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ چھوٹے پیمانے پر معدنی سرگرمیوں، کان کنی وغیرہ پرٹیکس سے متعلق پالیسی منظور کرلی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں ایکٹ بھی بنارہے ہیں جو 30 جون سے پہلے اسمبلی میں پیش کریں گے۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے چترال میں لکڑی کے ڈپو کے قیام کیلئے تحریری تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اسی طرح انہوں نے کہاکہ وہ چترال میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا ئے گا اسی طرح وزیراعلیٰ نے چترال اور دروش میں طلباء و طالبات کے لئے گاڑیاں مہیا کرنے کا اعلان کیا اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں