صوبائی حقوق کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، محب الله خان

ہفتہ 14 مئی 2016 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و فشریز محب ا لله خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز و پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کی خواہش مند ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو دور جدید کی تمام ترسہولیات میسر آئیں اور ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے لہذا اس مقصد کے حصول کے لئے دستیاب وسائل سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز گورڑہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے سابقہ جنرل سیکرٹری سعید خان ، محمد ایوب خان ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضلع کونسلر حبیب الله خان ، علاقے کے نو منتخب ناظمین کونسلر ز اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان مسلم ”ن“ اور قومی وطن پارٹی کے نمائندوں بشمول عظمت حسین یونین کونسل ناظم ، رحمان علی ، حکیم خان ، محمد نثار ، عمران ، شبیر الله ، خان آباد ، محمد حسین ، شاہد خالد ، شاہد اقبال ، آصف اقبال اور دیگر نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنی اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔

محب الله خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے شامل سے ہونے والوں پارٹی مزید مضبوط ہو گی اور علاقہ مزید ترقی کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے لوگ جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک تحریک ہے جو ملک کو وڈھیروں ، جاگیرداروں ، کرپٹ سیاستدانوں او رلوٹ مارکرنے والوں کی چنگل سے آزاد کر ائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں مثبت اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں