عوامی نیشنل پارٹی کا پشاور سمیت صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار

جمعہ 13 مئی 2016 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی نے پشاور سمیت صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ٹارگٹ کلرز کی حکومت ہے اور عوام نے جنہیں منتخب کیا وہ کہیں نظر نہیں آرہے، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا کہ بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور بدامنی نے صوبے کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں ، سردار حسین بابک نے کہا کہ کاروباری اور تجارتی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر جاری ہے اور کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی اور غفلت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور حکمران اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف بدامنی ،خوف، وحشت اور دہشت کے ماحول نے لوگوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت کا غیر ذمہ دارانہ اور غافلانہ رویہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،انہوں نے یکہ توت میں ٹریفک وارڈن کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پشاور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی آئے روز ٹارگٹ کلنگ سے ایسا لگ رہا ہے کہ صوبائی حکومت اب قاتلوں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے اور انہیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے کھلی چھٹی دے دی گئی ہے ، سردار بابک نے کہا کہ حکومت ٹارگٹ کلرز کے حوالے کرکے نمائندے چوہوں کی طرح بِلوں میں چھپے بیٹھے ہیں، صوبائی حکومت کو زبانی خرچ سے نکل کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنا ہونگے،اور حکمرانوں کو اس بات کا ادراک کرنا ہوگا کہ انسانی جانوں کا تحفظ بلین ٹری سونامی سے زیادہ اہم ہے ، انہوں نے صوبے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بے روزگاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور اس کی بنیادی وجہ حکومتی نا اہلی ہے کیونکہ وہ فنڈز بر وقت خرچ کرنے میں بُری طرح ناکام رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے دورانیے کا تیسرا بجٹ وقت پر خرچ نہ کر کے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے ، انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے اپنی حکومت پر توجہ دینے کیلئے فارغ ہی نہیں ہیں ،صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کے عوام نے بڑے بڑے دعووٴں اور وعدوں کے علمبرداروں کی حکومت بڑی قریب سے دیکھ لی ہے،اور ان حکمرانوں کوآئندہ الیکشن میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ، انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں اے این پی کو دیوار سے لگانے والے ہی صوبے پر نا اہل حکومت مسلط کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں