ناظم مردان حمایت اﷲ مایار کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں،سردار حسین بابک

عدالتی فیصلے سے باطل کو شکست جبکہ حق و انصاف کی فتح ہوئی ہے، رہنماء اے این پی

بدھ 11 مئی 2016 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے ضلع ناظم مردان حمایت اﷲ مایار کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے باطل کو شکست جبکہ حق و انصاف کی فتح ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ناظم حمایت اﷲ مایار کی بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت کا فیصلہ غیر آئینی تھا اور اس نے حمایت اﷲ مایار اور اسد علی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اور وزیر اعلیٰ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دونوں کو معطل کیا انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کا فیصلہ سیاسی انتقام پر مبنی ہے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی ایک عرصہ سے یہ مؤقف دہرا رہی ہے کہ صوبائی حکومت سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جس کا واضح ثبوت حال ہی میں مردان میں کیا جانے والا وار ہے ، تاہم انہوں نے اس عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور اس کے ہر فیصلے کو ہمیشہ خندہ پیشانی سے قبول کیا ہے ، سردار بابک نے مردان کے ناظم و نائب ناظم کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پہلے کی طرح اب بھی اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں