اے این پی نے مستحکم ملک کیلئے کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا، اسفندیار ولی

بدھ 11 مئی 2016 21:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے 12مئی 2007کو ہونے والے خونیں ڈرامے میں شہید ہونے والے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ،12مئی 2007ء کوکراچی سانحے کے حوالے سے اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ 12مئی کونہتے کارکنوں کی جانیں لینے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے تھے تاہم افسوس کا مقام ہے کہ آج تک ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ اس تاریک دن پر اے این پی کے جن کارکنوں نے قربانی دی ان جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں کے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو تا کہ آنے والی نسلوں کوایک مضبوط اور مستحکم ملک منتقل کیا جا سکے ، ا نہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے اے این پی کے عظیم رہنماوٴں ، ایم پی ایز اور کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا اور ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ماضی میں بھی کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا اور نہ ہی مستقبل میں کبھی ایسا کرینگے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کبھی رائیگاں نہیں جائینگی انہوں نے کہا کہ ہم ان قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں جنہوں نے 12مئی کے سانحے میں قاتلوں کا ساتھ دیا کہ وہ کبھی عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے ۔

۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں