کرپشن کے ناسور نے ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے ، محمد عاطف خان

حکمران پانامہ لیکس جیسے غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہونگے توبیرونی سرمایہ کار کیسے یہاں سرمایہ کاری کرنے آئینگے، وزیر تعلیم کے پی کے

ہفتہ 7 مئی 2016 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے جب ہمارے حکمران پانامہ لیکس جیسے غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہوں گے بیرونی سرمایہ کار کیسے یہاں سرمایہ کاری کرنے آئیں گے ہم نے وسائل سے مالامال اس وطن کو آگے لے جانا ہے تو ہمیں کرپشن کی بیخ کنی کرنا ہوگی اور یہ عوام کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں لہٰذا عوام کرپشن کے خلاف مہم میں عمران خان کے دست وبازو بنیں تاکہ ایک خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ۔

وہ نورمن خیل پارہوتی میں مقامی بااثر شخصیت انور حیات کی اپنے خاندان اور دوست احباب سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس سے ضلع کونسل کے رکن اور سابق ضلعی نائب صدر شیر بہادر خان ، یوتھ کے صدر بلال خان اور انور حیات نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

عاطف خان نے کہا کہ وزیر اعظم بیرون ملک اپنے خاندان کے اثاثوں کے بارے میں عمران خان کے بڑے سادہ سوالوں کا جواب دینے کی بجائے دوسروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں حالانکہ ان کو صرف یہ جواب دینا چاہیئے کہ یہ پیسہ کہا ں سے کمایا اور کیسے باہر منتقل کیا گیا لیکن وہ جواب دینے کی بجائے جلسوں جلوسوں پر نکل گئے ہیں ۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ میرٹ کا قتل کرپشن کی ہی شکل ہے جس سے معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں کیونکہ اس سے حقدار اپنے جائز حق سے محروم ہوتا ہے اور نوجوان احساس محرومی کا شکار ہوجاتا ہے ،ہماری حکومت نے اداروں کو مضبوط بناتے ہوئے پولیس اور محکمہ تعلیم سمیت تمام اداروں میں بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنایا اور آج صوبے میں 25 ہزار سے زیادہ اساتذہ بھرتی ہوئے لیکن کوئی کسی ایک بھی غلط بھرتی کو ثابت نہیں کرسکتا کیونکہ ہم نے اداروں کو مضبوط کر دیا ہے جس نے خالص میرٹ پر بھرتیاں کر رکے حقدار کو اس کا حق دیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ مردان میں ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل کی گئی ہے اس میں بعض خامیاں ضرور ہیں مگر ان کو وقت کے ساتھ دور کیا جارہا ہے اور اس حوالے متعلقہ حکام کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پار ہوتی میں ترقیاتی کاموں کے لیے دس کروڑ اور سکندری پوردل آباد میں چھ کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے کا م جاری ہے جبکہ یہاں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے اگلے بجٹ میں شامل کیے جا رہے ہیں ،انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت پر انور حیات اور ان کے خاندان کے افراد اور ساتھیوں کو مبارکباد دی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں