ہم چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہیں،انسانیت کی فلاح و بہبود ،ترقی کے ادارے کسی بھی ملک کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

اس سال نومبر کے آخر تک فاٹاکے تمام ٹی ڈی پیز باعزت اپنے گھروں کو واپس پہنچ جائینگے،ریڈ کریسنٹ نے اِنسان کو دنیا میں آنے کا مقصد بتایا ، اسلام نے بھی انسانیت کی بھلائی، فلاح اور انسانوں سے پیار کو افضل قرار دیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا کا تقریب سے خطاب

جمعہ 6 مئی 2016 22:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ہم چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہیں،انسانیت کی فلاح و بہبود اور ترقی کے ادارے کسی بھی ملک کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں۔ اس سال نومبر کے آخر تک فاٹاکے تمام ٹی ڈی پیز باعزت اپنے گھروں کو واپس پہنچ جائیں گے۔ پوری قوم امن کیلئے قبائلی عوام کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ کراس ریڈکریسنٹ عالمی دِن کے موقع پر ہلالِ احمر پاکستان کے فاطمہ جناح آڈیٹوریم نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقع پر انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ریٹو سٹاکر، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے گورخمازھیسینونے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اپنے اپنے اداروں کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے لبریز ہے، ریڈ کریسنٹ نے اِنسان کو دنیا میں آنے کا مقصد بتایا ، ہمارے مذہب اسلام نے بھی انسانیت کی بھلائی، فلاح اور انسانوں سے پیار کو افضل قرار دیا ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان دکھی دلوں کی آواز بن چکا ہے ، کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت ریسپانس، ریسکیو ریلیف اِس کا خاصہ ہیں۔

میں متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اور معاشرتی بہتری کیلئے ہلالِ احمر کی خدمات سلام پیش کرتا ہوں۔چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی کی 2005ء کے زلزلہ میں آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں طبّی خدمات کو اقبال ظفر جھگڑا نے شاندار الفاظ میں سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے بانی ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ہنری ڈوننٹ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 152 سال قبل لگایا گیا پودا آج پوری دنیا میں پھل اور چھاؤں بانٹ رہا ہے۔ ہلال احمر انسانی ہمددردی، غیر جانبداری، برابری، خودمختاری، رضاکاری اور عالمگیریت کے سات بنیادی اصولوں کے تحت کام کرتی ہے ،ِ ہلال احمر نے ہر طرح کی تباہ کاریوں میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ گزشتہ68 برسوں میں مصیبتوں کے شکار کوئی ڈیڑھ کروڑ سے زائد متاثرین کو اربوں روپے مالیت کی امداد فراہم کی ہے۔

ہلالِ احمر ڈیڑھ لاکھ افرادکو ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی دے چکی ہے۔تنظیمات اتحاد المدارس کے ساتھ ’’میثاقِ انسانیت ‘‘ہلالِ احمر کا تاریخی اقدام ہے جس کے تحت مساجد، مدارس فرسٹ ایڈ اور بلڈ ڈونیشن سنٹرز کا کردار بھی ادا کریں گے،ہلالِ احمر پاکستان کا152 اضلاع میں ڈسٹرکٹ آفیسرز تعینات کرنے کا ہدف ہے ، جس کے تحت پہلا بیج اپنی تربیت مکمل کرکے مختلف اضلاع میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے ،87 افراد پر مشتمل دوسرا بیج زیرتربیت ہے۔

حال ہی میں اسلام آباد کے اندر 1030ایمر جنسی ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ جدید طرز کی12ایمبولینس گاڑیاں اسلام آباد کے اہم مقامات پر ہر وقت تیار کھڑی رہتی ہیں اور کسی بھی ہنگامی حالت میں سات منٹ کے اندر مدد کو پہنچتی ہیں ۔اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر ڈاکٹر رضوان نے ہلالِ احمر کے اقدامات پر روشنی ڈالی، روٹس سکولز سسٹم کے بچوں نے عالمی دِن کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کیا۔ ہلالِ احمر کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، بہترین رضاکار فروا شیخ اور پینٹنگ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کے حامل بچوں کو شیلڈز دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں