وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکا مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کودہشت گردی کی کاروائیوں میں ہلاک ہونیوالے افراد کے اعداد و شمار پیش کرنے کا حکم

حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا بندوبست کیا جا ئیگا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کو سب سے زیادہ ٹارگٹ کیا جار ہا ہے، پرویز خٹک

جمعرات 5 مئی 2016 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کودہشت گردی کی کاروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے اعداد و شمار پیش کرنے کا حکم دیا تاکہ ان کو حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا بندوبست کیا جا سکے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد کی قیادت تنظیم کے صدر سید ابوالحسن کر رہے تھے۔

اس موقع پر صوبے کے مختلف علاقوں سے تنظیم کے عہدیداروں کے علاوہ سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ، سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ منیر اعظم، انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دہشت گردی کے خاتمے اور دیر پا امن کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کی جدوجہد کے نتیجے میں امن عامہ کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اطلاعات کا تبادلہ ہو تاہے اور اس سلسلے میں تمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہماری سیکورٹی فورسسز کو سب سے زیادہ ٹارگٹ کیا جار ہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کو عوام کے تحفظ کی شدت سے فکر ہے۔ انہوں نے صوبے میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کو درپیش مسائل حل کرنے اور انکے تحفظات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندے کو کہ طور پر لائحہ عمل طے کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے فقہ جعفریہ کے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کیلئے شہداء کی فہرست طلب کی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے ا س سلسلے میں ایک پالیسی وضع کردی ہے جس کے مطابق معاوضہ دے دیا جا تا ہے ۔ وفد نے دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تنظیم کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وفد نے دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد کا کسی مذہب یا مسلک سے کوئی تعلق نہیں وفد نے اس موقع پرصوبے میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے وفد کو دہشت گردی کی روک تھام کیلئے انسداد دہشت گردی کے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں