2001 کے لوکل گورنمٹ ایکٹ میں موجودناظمین کے اختیارات بحال کئے جائیں گے ،عنایت اﷲ خان

نائب ناظمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، اولین کوشش ہے مسائل جلد حل ہوں، موثر انداز سے عوام کی خدمت کر سکیں،وزیربلدیات کے پی کے کااجلاس سے خطاب

جمعرات 5 مئی 2016 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے تحصیل نائب ناظمین کو یقین دلایا ہے کہ 2001 کے لوکل گورنمٹ ایکٹ میں موجودا ن کے اختیارات بحال کئے جائیں گے تاکہ تحصیل نائب ناظمین بھی نچلی سطح پر بہتر انداز سے خدمات سرانجام دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صوبہ بھر کی تحصیلوں کے نائب ناظمین کے اجلاس سے پشاورمیں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ناظمین کی طرف سے شعیب الدین بنگش اور بشیر الحق نے صوبائی وزیر کو مسائل خاص طورپر اختیارات ، فنڈز کی فراہمی اور تحصیل ڈیوپلمنٹ کمیٹی(TDC) کی تنظیم نو سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ نائب ناظمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی اولین کوشش ہے کہ یہ مسائل جلد حل ہوں اور وہ موثر انداز سے عوام کی خدمت کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں نائب تحصیل ناظمین کے مسائل وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائیں گے تاکہ انہیں مستقل طریقے سے حل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے سلسلے میں حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے اور اس کے لئے بلدیاتی اداروں کوبھی فعال بنایا جا رہاہے جو بہتر طورپر بلدیاتی نظام کے تحت عوامی مسائل حل کر سکیں گے۔تحصیل نائب ناظمین کے مطالبات کے حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے تحصیل ڈیوپلمنٹ کمیٹی کی تنظیم نوکی بھی یقین دہانی کرائی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں