پی ٹی آئی حکومت نے امن و امان ا ور میرٹ و قانون کی بالاستی قائم رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیلئے ہیں ، صوبائی وزیر محمود خان

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معاشرے سے اقربا پروری ، بد امنی کے خاتمے اور پائیدار امن و امان کے قیام اور میرٹ و قانون کی بالاستی قائم رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باز خیلہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پی پی پی کے ممتاز شخصیات احمد جان ، فدا محمد ، بخت روان نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پی پی پی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاحیات پی ٹی آئی کے مشن کو صوبے کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے اور صوبائی وزیر محمود خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار بھی کیا ، واضح رہے کہ ان شخصیات کی شمولیت سے پی پی پی تحصیل مٹہ کو زبردست دھچکا لگا اور پی ٹی آئی ایک مضبوط قوت بن کر ابھری ، محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلا امتیاز صوبے کے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں ہنگامی بنیادوں پر ایسے انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں جن سے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام مستفید ہونگے انہوں نے روایتی مفاد پرست سیاستدانوں پر واضح کیا کہ اب عوام میں سیاسی شعور بیدا رہو چکا ہے وہ ان کے جھوٹے وعدوں اور سبز باغ دکھانے کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی صوبائی حکومت کے مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کی بدولت صوبے کے غیور عوام جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہے انہوں نے حلقہ پی کے 84 مٹہ سوات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے جن میں زیادہ تر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور بعض تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے حلقہ نیابت میں سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا محمود خان نے کہا کہ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد دولت اکھٹا کرنا یا بنک بیلنس بنانا نہیں بلکہ بلا امتیاز غریب عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں قومی وسائل کو حکمرانوں نے بے دریغ لوٹا مگر اب وہ وقت گزر چکا ہے قومی خزانہ قوم کی امانت ہے ایک ایک پائی کو عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا انہوں نے سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے ایک پرائمری سکول ، سڑک کی پختگی اور بجلی فراہم کرنے کی منظوری بھی دی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں