وزیراعلی نے کوہستان میں حالیہ بارشوں سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی سروے رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیدیا

تمام اضلاع کو مساوی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جارہے ہیں اور کسی سے ناانصافی نہیں کی گئی،پرویزخٹک

جمعہ 29 اپریل 2016 19:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کوہستان میں حالیہ بارشوں سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی سروے رپورٹ پیش کرنے اور پٹن اور داسو میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور کالجز میں موجود عملے کی تفصیلات آئندہ ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے وہ وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں مشیر برائے صوبائی رابطہ حاجی عبد الحق کی سربراہی میں کوہستان کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے وفد نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کو ضلع کوہستان کے مسائل اور بارشوں سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر سے آگاہ کیا اور کوہستان کو متاثرہ علاقہ قرار دینے اور وہاں کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مکمل سروے رپورٹ آئندہ ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کیلئے کوشان ہے انہوں نے واضح کیا کہ تمام اضلاع کو مساوی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جارہے ہیں اور کسی سے ناانصافی نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی محکموں با الخصوص تعلیم، صحت اور پولیس میں ہرقسم کی سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کا خادم بنا دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ اگر عوام کو کسی ادارے یا حکام سے شکایات ہو تو ثبوت کے ساتھ آگاہ کرے، حکومت قانونی کاروائی کو یقینی بنائے گی ۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلعی و ٹاون انتظامیہ کو پشاور شہر کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے 15 مئی 2016 تک مکمل پروپوزل لاگت کے اندازے کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تمام اداروں کو انکی ذمہ داریاں اور اختیارات تفویض کردیئے ہیں لہٰذا ہر ادارہ اپنا کام درست انداز میں کرے اور تبدیلی کیلئے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں