صوبے کی حد درجہ پسماندگی کی بنیادی وجہ مرکز کی پختون دشمن پالیسیاں ہیں،مظفر سید

پاک چین راہداری منصوبے پر بھی دہرایا معیار اپنایا گیا ہے ٗ مرکز ہر قیمت پر ہمیں محروم رکھنے پر تلا ہے،وز یرخزانہ خیبرپختونخوا

اتوار 24 اپریل 2016 16:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے اعتراف کیا ہے کہ اس صوبے کی حد درجہ پسماندگی اور تعلیمی و طبی سہولیات کے فقدان کی بنیادی وجہ مرکز کی پختون دشمن پالیسیاں ہیں یہاں کے عوام نے قیام پاکستان کے شروع دن سے جتنا زیادہ پیار وفاق سے کیا اتنی ہی نفرت سے ہمیں حقوق سے محروم رکھا گیا وہ میدان ضلع دیر پائیں میں اسلامک فاؤنڈیشن سکول کی سالانہ یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس سے دوسروں کے علاوہ ایم پی اے و ڈیڈیک چئیرمین سعید گل، ضلع ناظم حاجی محمد رسول خان، تحصیل ناظم بختیار خان، جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حاجی فضل وہاب اور سکول کے پرنسپل و اساتذہ نے بھی خطاب کیا اور مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کے انقلابی و اصلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں کرپشن کی بیخ کنی، پولیس، مواصلاتی، مالی، تعلیمی و طبی اصلاحات اور ترقیاتی عمل میں تیزی شامل ہیں مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حق تلفیوں کی سازشیں جاری ہیں پاک چین راہداری منصوبے (سی پیک)پر بھی دہرایا معیار اپنایا گیا ہے اور مرکز ہر قیمت پر ہمیں محروم رکھنے پر تلا ہے حتیٰ کہ مجھے بحیثیت صوبائی وزیرخزانہ حالیہ ایکنک اجلاس میں واضح کرنا پڑا ہے کہ منصوبے کا مشرقی روٹ تو بے شک پنجاب کو مبارک اور ہمیں بخوشی منظور ہے مگر مغربی روٹ کی تراش خراش منظور نہیں ہم نہ صرف اس پر احتجاج بلکہ بائیکاٹ کرینگے مگر لگتا ہے مرکز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور حالات خرابی کی نہج پر پہنچا دئیے جو قومی ترقی اور یکجہتی کے حق میں بہتر نہیں مجبوراً ہمارے پاس آل پارٹیز کانفرنس کے علاوہ احتجاج کے کئی آپشن موجود ہیں وزیر خزانہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ہماری پختون قوم میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں البتہ تعلیمی سہولیات اور مواقع کی کمی نے انکی صلاحتیں گہنا دی ہیں جماعت اسلامی نے انہیں بہترین اور کرپشن سے پاک لیڈرشپ مہیا کی ہے ہم اپنی ڈولتی ناؤ کو منزل پر پہنچانے میں ضرور کامیاب ہونگے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں پر فوکس کریں اور مغرب کی اسلام و مسلمان دشمن چالوں کو سمجھ کرآگے قدم بڑھائیں تاکہ ہم سائنس، سیاست و معیشت سمیت ان کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کے قابل بنیں اور دنیوی و اخروی کامیابیاں بھی ہمارا مقدر بنیں قبل ازیں انہوں نے سکول کے بہترین طلبہ و اساتذہ میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں