جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی میں وکلاء کاکرداراہم ہے،پرویزخٹک

پیر 18 اپریل 2016 22:14

پشاور۔18اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی میں وکلاء برادری کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت نظام کی اصلاح اور تبدیلی کیلئے قانونی ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی اور ایم این اے کوہاٹ شہر یا ر آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں گے وزیراعلیٰ نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ نظام کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں اور قانونی محاذ پر صوبائی حکومت کا ساتھ دیں انہوں نے کہاکہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں بلکہ سب کو مل کر کام کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ کہ وکلاء اخلاقی اقدامات کی نشاندہی کریں اور بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت اور سابقہ حکومتوں میں بہت فرق ہے کیونکہ یہ حکومت تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کے تحت ہی برسر اقتدار آئی ہے انہوں نے کہاکہ یہ واحد حکومت ہے جواخلا ص کے ساتھ اپنے منشور کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے مطالبات کو معقول قرار دیتے ہوئے کہاکہ کوہاٹ جوڈیشل کمپلیکس کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی ہے اور وکلاء کی جانب سے مناسب جگہ کے تعین کے بعد اس کی تعمیر شروع کر دی جائے گی اسی طرح انہوں نے کوہاٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام کیلئے حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا مزید برآں وزیراعلیٰ نے کوہاٹ بار روم کی توسیع و آرائش، خواتین کے لئے علیحدہ بار روم، فرنیچر کی فراہمی اور فلٹریشن پلانٹ سمیت دیگر مطالبات کو منظور کرتے ہوئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کوہاٹ بار کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں