ملک وقوم کے وقار کے ساتھ کھیلنے والے کرپٹ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں،محمدعاطف

قوم عدل وانصاف پر مبنی نظام کے قیام اور کرپٹ مافیا کے حقیقی احتساب کیلئے عمران خان کا ساتھ دے،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخواکے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ملک وقوم کے وقار کے ساتھ کھیلنے والے کرپٹ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں ۔قوم عدل وانصاف پر مبنی نظام کے قیام اور کرپٹ مافیا کے حقیقی احتساب کے لیے عمران خان کا ساتھ دے۔وہ اپنے حلقہ نیابت کے یونین کونسل کٹہ خٹ کے علاقے کوتر پان میں پی ٹی آئی کے مقامی تنظیم کی جانب سے منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان ، ضلعی کونسلر وقار خان ،حامد زمان اور فخر عالم نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما فیصل سلیم ،نواز خان،طارق آریانی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ عاطف خان نے کہا کہ بدقسمتی سے وہ لوگ بھی کرپشن کا رونا رو رہے ہیں جن کے اپنے رشتہ دار وزیر اور مشیر نیب کے ساتھ پلی بارگیننگ کر کے لوٹ مار کا اعتراف کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ لوگ ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دینے کی تاک میں ہیں لیکن عوام باشعور ہیں اور پھر کبھی بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے لیکن مخلص قیا دت کے فقدان نے اس ملک کو اس حال تک پہنچا دیا ۔کرپٹ حکمرانوں نے اس غریب قوم کے کھربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک اکاوٴنٹس میں منتقل کیے پانامہ لیکس نے حکمرانوں کی کرپشن کا پردہ چاک کردیا ہے اور عمران خان کی قیادت میں 24 اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی تحریک کرپٹ حکمرانوں کو چلتا کرنے تک جاری رہے گی ۔

عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتائج سامنے آرہے ہیں پولیس ،پٹواراور دیگر محکموں سے کرپشن کا کافی حد تک خاتمہ کیا گیا ہے پھر بھی کسی محکمے کے خلاف شکایت ہو تو ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کٹہ خٹ یونین کونسل میں ریکارڈ ترقیاتی کا م جاری ہیں ۔

15 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر، تین کروڑ روپے سے دو مڈل سکولوں کی تعمیر اور آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ سکولوں کا درجہ بڑھانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ گلی کوچوں کی تعمیر پر چار کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ عوام کا حق ہے ،قبل ازیں محمد عاطف خان نے عوامی شکایت پر پارہوتی میں مین ڈرین کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ناقص تعمیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کے محکمے کو اس کی انکوائری کے احکامات جاری کیے،انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں نظام کو ٹھیک کرنے کیے ووٹ دیا اور اس حوالے جو بھی روکاوٹ ڈالے گا اس کے خلاف قانون حرکت میں آئیگا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں