محکمہ خوراک گندم کے ایک ایک دانے کو ’گولڈ‘ کادانہ سمجھتے ہوئے اس کی حفاظت کریں، قلندرخان لودھی

جمعرات 14 اپریل 2016 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کو ماضی میں بعض عناصرکی کوتاہیوں کے باعث مسائل کاسامنا کرنا پڑا تاہم اب صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے ۔لہٰذا یہی وجہ ہے کہ محکمہ کی اجتماعی کوششوں کی بدولت تقریباًپونے چارارب روپے کی بچت اب تک سامنے آئی ہے جبکہ اس میں مزید اضافے کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں جن کے بہت جلد خاطرخواہ نتائج بھی منظر عام پر آئیں گے۔

انہوں نے یہ بات اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوراک پشاور ڈویژن کے دفتر کی عمارت کے افتتاح کے بعدموقع پر موجود عملے سے پی آر سی کوہاٹ روڈ پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یاد رہے کہ مذکورہ عمارت جو 5 کمروں پرمشتمل ہے 50 لاکھ روپے کے خرچ سے معینہ مدت سے پہلے مکمل کی گئی ہے جس کے تعمیری معیار کو بے حد سراہا گیاہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اورکسان دوسرے مقامات سے یہاں گندم لانا بھی چاہتے ہیں ۔

لہٰذا متعلقہ عملہ کسانوں کے ساتھ گندم کی خریداری میں خلوص نیت ،شفافیت اورمکمل دیانتداری کے ساتھ پیش آئیں۔انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ بصورت دیگر کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا جس کا اہلکار خود ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران گندم کے گوداموں میں موجود اپنے سٹاک کی پڑتال کریں اورگوداموں میں سپرے بھی کروائیں تاکہ گندم کے نقصانات کے اندیشے پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے محکمہ کے افسران اور اہلکاروں پر زوردیا کہ وہ گندم کے ایک ایک دانے کو” گولڈ“ کادانہ سمجھتے ہوئے اس کی حفاظت کریں اوراپنے فرائض منصبی مکمل دیانتداری سے اداکریں۔اس سے نہ صرف آپ کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوگی بلکہ آپ کاضمیر بھی مطمئن رہے گا۔قلندر خان لودھی نے محکمہ کودرپیش بعض مسائل کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے لئے گاڑیوں کی فراہمی کے ساتھ اپ گریڈیشن کاعمل مکمل کیا جاچکا ہے جس سے اہلکاروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

سیکرٹری خوراک عصمت اللہ خان گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی وزیر خوراک کی ہدایات کی روشنی اوروژن کے مطابق محکمہ خوراک کو فعال بنایاجارہا ہے جس میں میرٹ اورشفافیت کوفروغ دیا گیاہے تاہم انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک ایک وسیع محکمہ ہے جس میں عملہ کی سہولیات کے پیش نظر دفاتراوررہائش گاہوں کاقیام عمل میں لایا جارہا ہے اوراس نوعیت کی سکیموں پر دوسرے اضلاع میں بھی کام جاری ہے اورامید ہے کہ مستقبل میں محکمہ خوراک ایک انتہائی فعال محکمہ کی شکل میں ابھر ے گا۔اس موقع پر محکمہ خوراک ،مواصلات وتعمیرات اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں