سڑکیں اور پل بنانا پاکستانی عوام کو درپیش مسائل کا حل نہیں،، انصاف اور حقوق کی فراہمی بنیادی مسئلہ ہے،پرویزخٹک

عوام نے بدعنوان اور ظالمانہ نظام حکومت سے مایوس ہو کر پی ٹی آئی کو نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، بد قسمتی سے ہمارے تعلیمی اداروں میں انگریزوں کا مسلط کردہ نظام سے غریب عوام کے بچوں کا ہمیشہ سے استحصال ہوتا رہا ہے،،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

جمعہ 8 اپریل 2016 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کو پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے بدعنوان اور ظالمانہ نظام حکومت سے مایوس ہو کر پی ٹی آئی کو نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تاریخی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جس سے متاثرہو کر عوام تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں وہ جمعہ کے روز مصری بانڈہ اکوڑہ خٹک میں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کا کا خیل، ایم پی اے دریس خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک، احد خٹک اور دیگر ضلعی و تحصیلی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر جنرل کونسلرز یونین کونسل اسلام آباد جمشید خان، محمد نبی ، محمد حسین، ذوالفقار خٹک، حسین احمد خٹک اور کارکن محمد ریاض نے اپنے ساتھیوں اور رشتہ داروں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو تحریک انصاف کی صوبے میں تبدیلی کیلئے کی گئی کاؤشوں کا ثمر قرار دیا انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اور دیگر حکومتوں میں بنیادی فرق ہی تبدیلی ہے انہوں نے کہاکہ عوام نے بوسیدہ نظام حکومت سے بغاوت کرکے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے منتخب کیا وزیراعلیٰ نے کہاکہ سڑکیں اور پل بنانا پاکستانی عوام کو درپیش مسائل کا حل نہیں بلکہ انہیں انصاف اور حقوق کی فراہمی بنیادی مسئلہ ہے انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اداروں کی اصلاح پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے انہوں نے واضح کیا کہ وہ صوبائی اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے تابع کر رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے طبی و تعلیمی اداروں، تھانوں اور پٹوار خانو کو نئے خطوط پر استوار کیا جارہاہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبے کے ہسپتالوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ عملے کی کمی کو دور کرنے کیلئے عملے کی بھرتیاں کر رہی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ بد قسمتی سے ہمارے تعلیمی اداروں میں انگریزوں کا مسلط کردہ نظام سے غریب عوام کے بچوں کا ہمیشہ سے استحصال ہوتا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت امیر و غریب کیلئے یکساں نظام تعلیم لارہی ہے جس کے تحت کلاس ون سے انگریزی میں تعلیم شروع کی گئی ہے تاکہ غریبوں کے بچے بھی آگے چل کر امیروں کے بچوں کا مقابلہ کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ سرکاری حکام کو عوام کو جوابدہ بنایا جا رہا ہے اور جزا ء و سزا کا تصوردیا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ غریب عوام کو پٹوار خانوں میں انصاف مہیا کرنے کیلئے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے کارخانے لگارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے صنعتکاروں کو صوبائی صنعتی پالیسی کے تحت پرکشش مراعات دی جارہی ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت گوناگوں مشکلات کے باوجود مثبت تبدیلی کیلئے کوشاں ہے اور آئندہ تین ماہ میں عوام واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں