فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملکی درآمدات کو ریگولیٹ کرنے کیلئے الیکٹرانک آئی فارم متعارف کرادیا

نئے سافٹ ویئر کے آنے سے ملکی درآمد کنندگان کو دہلیز پر سہولیات میسر ،فارن ایکسچینج کو مانٹیر کرنے سمیت دھوکہ دہی کے واقعات ختم ہوجائیں گے،فضل محمود

بدھ 6 اپریل 2016 17:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے ملکی درآمدات کو ریگولیٹ کرنے اور فارن ایکسچینج کو مانیٹر کرنے سمیت برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے الیکٹرانک آئی فارم متعارف کرادیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عماد رشید نے ایف بی آر کے وی باک (Weboc) سسٹم میں بہتری لانے اور خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز کراچی عبدالحیاشیخ نے سٹیٹ بینک کراچی کے فضل محمود کے ہمراہ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید اور نائب صدر شجاع محمد سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور کے ڈپٹی کلکٹر ذاکر محمد  ضیاء الحق سرحدی  امتیاز احمد علی محمد آصف خان  پرال سسٹم کے ٹیکنیکل آفیسر ارشد حسین  امپورٹرز  ایکسپورٹرز اور پاکستان کسٹمز ار سٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز کراچی عبدالحیاشیخ اور سٹیٹ بینک کراچی کے فضل محمود نے خیبر پختونخوا چیمبر کے ممبران کو الیکٹرانک آئی فارم سے متعلق ملٹی میڈیا پریذنٹیشن پیش کی اور بتایا کہ ایف بی آر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر ملکی درآمدات کو ریگولیٹ کرنے اور فارن ایکسچینج کو مانیٹر کرنے سمیت برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے الیکٹرانک آئی فارم متعارف کرایا ہے جس کا مقصد بہتر مینجمنٹ سسٹم لانا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس نئے سافٹ ویئر کے آنے سے نہ صرف ملکی درآمد کنندگان کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ فارن ایکسچینج کو مانٹیر کرنے سمیت دھوکہ دہی کے واقعات بھی ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نیا الیکٹرانک آئی فارم افغان ٹرانزٹ پر لاگو نہیں ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ جن صارفین کے پاس Weboc کی یوزر آئی ڈی اور پاسورڈ پہلے سے موجود ہے انہیں نئی آئی ڈی اور پاسورڈ کی ضرورت نہیں پڑ ے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو صارفین پہلے ون کسٹمز پر تھے وہ اب وی باک پر آجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام امپورٹ پالیسی کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے اور اس کے ملکی معیشت پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید نے ایف بی آر کے آن لائن سسٹم وی باک اور ون کسٹمز سمیت پرال سسٹم میں بہتری لانے اور ٹیکس نظام میں پائی جانیوالی پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ طورخم بارڈر اور غلام خان چیک پوسٹ پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اس نظام سے مستفید نہیں ہوسکتی لہٰذا ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز کو فعال بنایا جائے اور بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔

اس موقع پر ضیاء الحق سرحدی اور امتیاز احمد علی نے بھی ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے ٹیکس نظام میں پائی جانیوالی مشکلات کو دور کرے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں