خیبر پختونخوا کو دہشت گردی ،قدرتی آفات سے متاثرہ قرار دیکر آئندہ 4سال کیلئے ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے،عبدالروف

خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کیساتھ آئندہ کوئی زیادتی نہیں ہونے دینگے گورنر سٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو خیبر پختونخوا میں بزنس کمیونٹی کیلئے خصوصی ،آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء کی ہدایت کریں، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر

منگل 5 اپریل 2016 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالرؤف عالم نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ قرار دیکر آئندہ 4سال کے لئے ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ آئندہ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔

گورنر سٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو خیبر پختونخوا میں بزنس کمیونٹی کیلئے خصوصی اور آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء کی ہدایت کریں ۔ وفاقی بجٹ اور ٹریڈ پالیسی سمیت مختلف حکومتی پالیسیوں کی تشکیل میں خیبر پختونخوا چیمبر کی مشاورت کو یقینی بنائیں گے۔ وفاقی حکومت چائنا پاک اکنامک کاریڈور میں چائنیز سرمایہ کاروں کے ساتھ پاکستانی سرمایہ کاروں کے 20فیصد سرمایہ کاری کے عمل کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس ا ینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر ہاؤس میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ٗ چیئرمین افتخار علی ملک ٗ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان ٗ زبیر طفیل سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدورغضنفر بلور ٗ ریاض ارشد ٗ زاہداﷲ شنواری ٗفواد اسحق ٗصوفی بشیر احمد درانی ٗ ایف پی سی سی آئی کے عہدیدار اور ممبران ٗ اسلام آباد چیمبر ٗ سوات ٗ کوہاٹ ٗ باجوڑ ٗ ہزارہ چیمبر کے عہدیدار اور اراکین ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗ نائب صدر شجاع محمد ٗخیبر پختونخوا چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حاجی محمد افضل ٗ محمد اقبال ٗ سعد خان زاہد ٗ صادق امین ٗ راشد اقبال ٗ اشتیاق محمد اور صنعت و تجارت کے شعبے سے وابستہ افراد سمیت پشاور میں افغان ٹریڈ کمشنر میر ویس یوسفزئی بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدرذوالفقار علی خان نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تمام لیڈران کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کلین سویپ کرنے اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پشاور سمیت صوبے بھر کی بزنس کمیونٹی کی جانی و مالی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور بزنس کمیونٹی افغان مہاجرین کی موجودگی ٗ بھتہ خوری ٗ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی وارداتوں کے باعث بے پناہ مشکلات کا شکار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر محاذ پر پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑی ہے لیکن جب وسائل کی تقسیم کا وقت آتا ہے تو ہمیں آبادی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کے وجود کا زخمی بازو ہے لیکن کمزور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے تاہم انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈران سے مطالبہ کیا کہ اس صوبے کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے ۔

انہوں نے بزنس کمیونٹی کیلئے بہترین خدمات پر بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کمرشل بینکوں کی جانب سے خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو نظر انداز کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤ ف عالم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو گورنر سٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائیں۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے خیبر پختونخوا چیمبر کو یقین دلایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ قرار دیکر آئندہ 4سال کے لئے ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔

ا نہوں نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ آئندہ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ کمرشل بینکوں کو خیبر پختونخوا میں بزنس کمیونٹی کیلئے خصوصی اور آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء کی ہدایت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ اور ٹریڈ پالیسی سمیت مختلف حکومتی پالیسیوں کی تشکیل میں خیبر پختونخوا چیمبر کی مشاورت کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے۔ عبدالرؤف عالم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ چائنا پاک اکنامک کاریڈور میں چائنیز سرمایہ کاروں کے ساتھ پاکستانی سرمایہ کاروں کے 20فیصد سرمایہ کاری کے عمل کو یقینی بنائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فتح کو ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے اعتماد کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ عبدالرؤف عالم کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ گروپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کیلئے نئے مالیاتی پیکیج کے حصول کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے پیش کردہ مسائل سے اتفاق کیا اور کہا کہ فیڈریشن کی سطح پر خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ خیبر پختونخوا کیلئے ٹیکس ہالیڈے کیلئے وزیراعظم نوازشریف سے موثر انداز میں بات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بہتری کی جانب گامزن ہے اور انشاء اﷲ تعالیٰ ایف پی سی سی آئی کی سطح پر ملکی معیشت کے استحکام کے لئے خیبر پختونخوا چیمبر سمیت تمام چیمبرزکی مشاورت سے کوششیں کی جائیں گی ۔

یونائیٹڈبزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نئی سرمایہ کاری اور جو سرمایہ کار اس صوبے سے اپنا سرمایہ منتقل کرچکے ہیں انہیں واپس لانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی بالخصوص خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی نے یونائیٹڈ بزنس گروپ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور بزنس کمیونٹی کی امانت کی لاج رکھی جائے گی۔ انہوں نے فیڈریشن کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کو فتح دلانے اور حمایت کرنے پر گروپ کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کا شکریہ ادا کیا اور بزنس کمیونٹی کیلئے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں