خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان ٗبارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے سے 18افرا دجاں بحق ٗ متعدد زخمی

شدید بارشوں نے بحرین میں تباہی مچادی ٗ رابطہ پل سیلابی پانی میں بہہ گیا ٗبارشوں کے باعث دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب پشاور میں شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں ٗمحکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کردی

اتوار 3 اپریل 2016 15:01

پشاور /اسلام آباد /شانگلہ /مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ٗ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہوگئی ٗ دونوں اطراف میں سینکڑوں مسافر گا ڑیاں اور مسافر پھنس کر رہ گئے ٗشدید بارشوں نے بحرین میں تباہی مچادی ٗ رابطہ پل سیلابی پانی میں بہہ گیا ٗبارشوں کے باعث دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ٗپشاور میں شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔

اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث چلاس کے علاقے جچن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ٗ جاں بحق ہونے والوں میں والد بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل ہیں اس کے علاوہ چترال کے علاقے ٹھینک شین میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے ٗ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہو گئی۔

(جاری ہے)

سوات میں بھی شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں 2 خواتین سمیت 3 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ٗ کبل کے علاقے کلا گئی کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ٗشدید بارشوں نے بحرین میں بھی تباہی مچادی اور رابطہ پل سیلابی پانی میں بہہ گیا۔ بارشوں کے باعث دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے جب کہ پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں رابطہ پل زیر آب آنے کے باعث سیلابی پانی بٹہ تل پل مارکیٹ میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے 30 سے زائد دکانیں زیر آب آگئیں اور دکانداروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

سیلابی پانی داخل ہونے کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مارکیٹ میں حکومتی مشینری نہ پہنچ سکیچارسدہ میں بھی شبقدر کے گاؤں چلماری میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ دب کر جاں بحق ہو گیا ٗ ماں اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ بالاکوٹ کے گاؤں پھاگل کاغان میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جب کہ بٹگرام کے علاقے شملائے میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی۔

شانگلہ میں بھی پہاڑی تودہ گرنے سے 2 مکان مکمل تباہ ہو گئے حادثے میں 3 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق شانگلہ کے گاؤں لیلونئی میں دو مکانات پر پہاڑی تودہ گرنے سے دو خواتین اور ایک بچہ سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔فلا حی تنظیم پی آر سی ایس ، مقامی لوگ اور پو لیس نے لا شوں کو ملبے سے نکالاجبکہ کوہستان میں بھی ایک مکان پر تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ٗ شانگلہ کے ندیوں میں شدید طغیانی آگئی اور دریائے سندہ اور خان خوڑ کے کنارے آبادی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔

شدید بارشوں کی وجہ سے کوہستان میں مختلف مقامات پر شمالی علاقوں کو ملانے والی بین الاقوامی شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے اور بلا ک کے دونوں اطراف میں سینکڑوں مسافر گا ڑیاں اور مسافر پھنس کر رہ گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن ٗ گلگت بلتستان ٗآزاد کشمیر ٗاسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش ٗ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں