خیبرپختونخوا کی 600 میگا واٹ بجلی کاکوٹہ چوری ہورہا ہے جس سے صوبہ میں ناروا لوڈشیڈنگ جاری ہے ،،پرویز خٹک

فیڈرز پر چوری روکنے کیلئے صوبائی حکومت پیسکوکا بھر پور ساتھ دیگی ،500 میگاواٹ بجلی کاکوٹہ 2008 سے نہیں مل رہا ہے جس سے شارٹ فال میں اضافہ ہوتا ہے، وزیراعلی کے پی کے

ہفتہ 19 مارچ 2016 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف صوبے میں زرعی اور صنعتی انقلا پ برپا کرنے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے۔ چشمہ رائٹ بینک کینال سے ڈی آئی خان کی دو لاکھ اسی ہزار ایکٹر اراضی سیراب ہوگی۔ سو ملین کیوبک گیس سے سستی بجلی بناکر پانچ صنعتی بستیوں میں قائم کارخانوں کو فراہم کرکے لاکھوں افرادکو روز گار فراہم کریں گے وفاقی حکومت کے تمام معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔

پاک چائنہ اقتصادی راہداری پروفاق کو خط ارسال کر کے تمام مطالبات اور تحفظات سے اگاہ کردیا ہے ۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے لیے پیسکو حکام اور وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر بجلی چوروں اور نادھندگان کے خلاف صوبائی حکومت بھر پور آپریشن کرے گی۔

(جاری ہے)

لوڈ شیڈنگ میں بہت جلد واضح کمی آئے گی۔ صوبائی حکومت پیسکو نادھندگان کے خلاف بھر پور کاروائی کرے گی۔

وہ مانکی شریف نوشہرہ میں افراسیاب خٹک اور شا ہ نواز خٹک کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک،ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، تحصیل کونسلر احد خٹک، ممبر ضلع کونسل نظامپور ذوالفقار خٹک بھی موجود تھے۔ پرویز خٹک نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز پیسکو بورڈ کے اجلاس میں نئے پیسکو چیف کولوڈ شیڈنگ ،اووربلنگ اور غلط جرمانوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تحفظات اور عوامی شکایت کے حوالے سے آگاہ کیا اور وفاقی حکومت کو بھی واضح الفاظ میں یہ بات کہی کہ خیبرپختونخوا کی چھ سو میگا واٹ بجلی کاکوٹہ چوری ہورہا ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر میں ناروا لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور اسی طرح بجلی کا فرسود ہ نظام بھی آڑے آرہا ہے۔

نئے پیسکو چیف اور پورے بورڈ نے صوبائی حکومت کے موقف کوتسلیم کیا اورا گلے ماہ سے لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی کا وعدہ کیا اور صوبائی حکومت سے بجلی چوروں اورنادھندہ گان کے خلاف کاروائی کے تعاون کو جو مطالبہ کیا گیا صوبائی حکومت اس میں پیسکوکا بھر پور ساتھ دے گی تاکہ جن جن فیڈرز پر چوری کی جارہی ہے اس کو روکا جائے اور نادھندہ گان سے وصولی ممکن ہو۔

انھوں نے کہا کہ پانچ سو میگاواٹ بجلی کاکوٹہ 2008 سے ہمیں نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے شارٹ فال میں اضافہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اند ر نیا شیڈول آئے گا۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت غریب عوام کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبہ بھر میں ترقیاتی کام یکساں بنیادوں پر جاری ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اجلاسوں کاسلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بنک کینال کو پی ایس ڈی پی میں شامل کردیا ہے جس کے لیے صوبہ 35 فیصد اور وفاق 65 فیصد حصہ ڈالے گا۔ انھوں نے کہا کہ اضافی گیس کی تفصیلات وفاقی حکومت کو ارسا ل کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سستی گیس سے بجلی بناکر کارخانہ داروں کو دیں گے تاکہ بے روزگاری میں کمی آئے اور صوبے میں کارخانے قائم ہوں جس سے ہمارے صوبے کی معیشت بہتر ہو کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے اس صوبے کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے اہم مسائل تعلیم ،صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں