کوہاٹ کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے محکمہ صحت کو متحر ک کر دیا

اب5سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کے علاوہ 14ہفتوں کے بچوں کو دوسرے ٹیکوں کے کورس کیساتھ پولیو انجکشن بھی لگایا جائیگا

جمعہ 11 مارچ 2016 18:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مارچ۔2016ء) کوہاٹ کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے محکمہ صحت کو متحر ک کر دیاگیا ہے۔اب5سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کے علاوہ 14ہفتوں کے بچوں کو دوسرے ٹیکوں کے کورس کے ساتھ پولیو انجکشن بھی لگایا جائے گا تاہم پولیو انجکشن صرف ایک بار جبکہ پولیو کے قطرے باربار پلوائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تقریب لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ میں منعقد ہوئی اس موقع پر ڈسٹرکٹ نائب ناظم عبدالرشید مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی کی موجودگی میں 14ہفتوں کے بچے کو پولیو کا انجکشن لگاکر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔قبل ازیں ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محبت خان بنگش نے ضلع سے پولیو کی بیخ کنی کے لئے کی گئی کوششوں اور پولیو انجکشن کی اہمیت و افادیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔اس موقع پر ایم ایس لیاقت ہسپتال ڈاکٹر سمین جان اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔عبدالرشید نے مختصر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اور ہم سب بالخصوص والدین کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس موذی مرض سے پاک کرنے کیلئے اپنے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرورپلوائیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں