پولیس فورس نے شہادتوں ،قربانیوں سے جانثاری کے اعلیٰ نمونے پیش کئے ،پرویزخٹک

ایلیٹ فورس پولیس فورس کا مایہ ناز ،ہراول دستہ ہے ،ملک کے اندرونی دفاع میں اس کا کلیدی کردار ہے صوبائی حکومت پولیس فورس کی اصلاح ،بہتری کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے جن میں آن لائن ایف آئی آر سسٹم، پولیس ٹو ویکٹم سروسز ،تھانوں میں خواتین کے لئے الگ کاؤنٹرز کا قیام، شہریوں کے لئے فیڈ بیک کا نظام ، پولیس تک رسائی کے لئے ایس ایم ایس سروس کا اجراء کے علاوہ تھانہ کلچر کی اصلاح جیسے اقدامات شامل ہیں،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 10 مارچ 2016 19:27

پشاور،نوشہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 10 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دہشت گردی کی سرکوبی اور وطن کی حفاظت کیلئے پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے شہادتوں اور قربانیوں سے جانثاری کے اعلیٰ نمونے پیش کئے ہیں جو سب کیلئے باعث فخر ہے۔ وہ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر حکیم آباد نوشہرہ میں 12ویں بیسک ایلیٹ کورس کے اختتام پر پاسنگ آوٹ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں صوبائی وزراء میاں جمشیدالدین، قلندر لودھی، انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس طارق جاوید موجود تھے۔ اس موقع پر 627ایلیٹ کمانڈوز بشمول 33خواتین کمانڈوز نے 27ہفتے کی سخت تربیت مکمل کرنے کے بعد ایلیٹ فورس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے آئی جی پی ناصر خان درانی اور ٹریننگ سنٹر کے پرنسپل کرنل خالد جمیل نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر کمانڈوز نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مختلف دفاعی مہارتوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے کمانڈوز کی مہارت اور تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ عملی میدان میں بھی اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کے مقابلہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس پولیس فورس کا مایہ ناز اور ہراول دستہ ہے اور ملک کے اندرونی دفاع میں اس کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے میں پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایلیٹ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت کو نکھارنے میں دلچسپی اور لگن کا مظاہرہ کرنے پر تربیتی سنٹر کے اساتذہ کیلئے 40فیصد الاؤنس کے اعلان کے علاوہ ٹریننگ سنٹر کے عملے کیلئے 20لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے دوران تربیت وفات پانے والے جوانوں کیلئے خصوصی پیکج کے اعلان کے علاوہ دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے زخمی سپاہیوں کیلئے مفت علاج کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس کی اصلاح اور بہتری کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے جن میں آن لائن ایف آئی آر سسٹم، پولیس ٹو ویکٹم سروسز ،تھانوں میں خواتین کے لئے الگ کاؤنٹرز کا قیام، شہریوں کے لئے فیڈ بیک کا نظام ، پولیس تک رسائی کے لئے ایس ایم ایس سروس کا اجراء کے علاوہ تھانہ کلچر کی اصلاح جیسے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں پولیس حقیقی معنوں میں عوام کے خادم اورموثر فورس بن رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایلیٹ فورس کو ہدایت کی کہ وہ جان و مال کی حفاظت کے ساتھ عوام کے ساتھ خوشگوار رویہ بھی روا رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی کے حامل کمانڈوز سلمان خان، اقبال خان، میاں سید علی، اسماعیل خان، ایاز محمد، ریحانہ یاسمین ، سونیا اختر اور حضرت زبیدہ کو انعامات دیئے۔

قبل ازیں آئی جی پولیس ناصر خان نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے یہ صوبہ دہشت گردی کی زد میں ہے جبکہ پولیس سیکورٹی ایجنسیوں اور عوام کے تعاون سے اس پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015میں دہشت گردی اور بھتہ خوری کے واقعات بڑی حد تک کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ایک مثالی فورس ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کیلئے مراعات کا مطالبہ کیا۔ ٹریننگ سنٹر کے پرنسپل کرنل خالد جمیل کمانڈوز کو دی جانے والی تربیت کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں