اب وقت آگیا ہے کہ قبائلی عوام کے دکھوں کا مداوا کیاجائے، فاٹاکی تعمیروترقی ،ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، قبائلی عوام نے ملک وقو م کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں،فاٹاسیکرٹریٹ حکام حاکمیت نہیں بلکہ خدمت کے جذبے سے عوام کی خدمت کریں

گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفرجھگڑا کافاٹاسیکرٹریٹ کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 8 مارچ 2016 17:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء ) گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ قبائلی عوام نے ملک وقو م کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے دکھوں کا مداوا کیاجائے۔ انہوں نے فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ حاکمیت نہیں بلکہ خدمت کے جذبے سے عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، فاٹاکی تعمیروترقی ،ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا اور شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی بحالی سمیت ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی اورفاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کے روز فاٹاسیکرٹریٹ کے اچانک دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندرقیوم، سیکرٹری اے آئی اینڈسی ظہیرالاسلام، سیکرٹری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ شکیل قادر، سیکرٹری سوشل سیکٹر وقارالحسن اوردیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجودتھے۔

اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا نے گورنر کو فاٹاسیکرٹریٹ اور تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ فاٹاسیکرٹریٹ اورمتعلقہ محکموں کودرپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائیگا اور اس ضمن میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملک وقو م کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے دکھوں کا مداوا کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ تمام محکموں کے سربراہان اپنے اپنے علاقوں میں تسلسل کے ساتھ دورے کریں اور عو ام کے فلاح وبہودکے اقدامات کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں فاٹامیں امن وامان کی صورتحال سمیت فاٹامیں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمدکی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے اوراس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام انتظامی سربراہان عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ حکام کو ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خدمت کا جذبہ اپناناہوگا اور شفافیت اور میرٹ کو ہرممکن یقینی بناناہوگا۔ بعدازاں گورنر نے فاٹاسیکرٹریٹ پشاور میں قائم پولیو کنٹرول روم ، ایمرجنسی آپریشن سنٹراور اینلاسز اورسٹریٹیجی وینگ بھی گئے اورتفصیلی معائنہ کیا۔

گورنرنے کنٹرول روم کی کارکردگی اور پولیو ٹیموں کے حوالے سے اقدامات پر گہری دلچسپی ظاہر کی اور ہدایت کی کہ پولیو کے تدارک کو ہرممکن یقینی بنایاجائے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے گورنرکو بتایاگیاکہ حالیہ عرصے میں فاٹا میں پولیوکاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہو ا،جس پر گورنرنے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پولیو کے تدارک کیلئے وسائل کی کمی کو نہیں آڑے آنے دیاجائیگا اوراپنے بچوں کے بہتراور محفوظ مستقبل کو ہرممکن یقینی بنایاجائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں