وزیراعلیٰ پرویزخٹک پسماندہ علاقوں کی ترجیحی بنیادوں پر ترقی چاہتے ہیں، ڈاکٹر امجد علی

جمعرات 25 فروری 2016 18:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے ضلع سوات اورخاص طورپر حلقہ پی کے۔82 کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے پشاور میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ سوات میں جاری تعلیم ،صحت ،آبنوشی ،آبپاشی ،بجلی اورمواصلات کی سکیموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سے سوات میں بجلی کی کم وولٹیج ،لوڈشیڈنگ اوربجلی سے محروم علاقوں کو جلدبجلی کی فراہمی کے امور پر بھی مشاورت کی جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مذکورہ مسائل کے حل کرنے کی ہدایت کی ۔ڈاکٹر امجد علی نے حلقہ پی کے۔82 کی مختلف سڑکوں کو کشادہ اورپختہ کرنے کی بھی منظوری حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجاری ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں متعلقہ ٹھیکہ داروں اورافسران کو پابند بنانے اور سوات ایکسپریس وے کی تعمیر پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ نے اس سلسلے میں مزید بتایا کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کوجلد ترقی دینے اوربہتر سہولتوں سے آراستہ کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کی محرومیاں ختم ہونے کے ساتھ سیاحتی صنعتی شعبہ کو فروغ ملے اورصوبے کی معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ضلع سوات کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے وہاں کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں