خیبرپختونخوا اورفاٹا میں قیام امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے ، قائمقام گورنر

اپنے لوگوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، اسدقیصر

پیر 22 فروری 2016 16:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) خیبرپختونخوا کے قائمقام گورنر اسدقیصر نے کہاہے کہ پشاورسمیت پورے صوبے اورفاٹا میں قیام امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے اوراپنے لوگوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور بہادری سے ان حالات کامقابلہ کرتے ہوئے عوام اورتاجروں کا اعتماد بحال کریں گے۔

وہ پیرکے روز گورنر ہاوس پشاور میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے ایک اعلی سطحاجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ضلعی ناظم،نائب ناظم، ڈپٹی کمشنر،سی سی پی او،ایس ایس پی اپریشن،چیمبرآف کامرس کے سابق صدر زاہدشنوای اورتاجرراہنما حاجی محمدافضل سمیت دیگر تاجر راہنما بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی سی پی اورمبارک زیب نے اجلاس کوامن امان کی صورتحال باالخصوص تاجر راہنما حاجی حلیم جان کی شہادت کے واقع کے بعد اب تک کے اٹھائے گئے اقدامات سے اجلاس کوآگاہ کیااوریقین دلایا کہ بھتہ خوروں کے خلاف موثراقدامات کے نتیجے میں اس ناسور پرقابولیاجائیگا۔

تاجرراہنماؤں نے پولیس کے ہمراہ ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی پر زوردیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنراسد قیصر نے ضلعی حکومت وانتظامیہ ،پولیس، چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اورٹریڈرز پرمشتمل ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی تاکہ مربوط کوششوں کے ذریعے صورتحال پرقابو پایاجاسکے ۔ قائمقام گورنرنے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں تاجروں اورعوام کے ساتھ ہیں۔

قوموں پرمشکل حالات آتے ہیں تاہم باہمی تعاون واتحادکے ذریعے ان حالات سے نمٹاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کومایوس نہیں کریں گے اور دہشت گردی، بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے ہرحد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور بہادری سے ان حالات کامقابلہ کرتے ہوئے عوام اورتاجروں کا اعتماد بحال کریں گے۔ قائمقام گورنرنے تاجروں کو یقین دلایا کہ وہ پولیس کی معانت کیلئے فرنٹیئرکانسٹبلری کے جوانوں کی خدمات حوالے کرنے کی غرض سے متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پرضلعی سطح پر پولیس ٹریڈرزلیزان کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں