عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اولڈ کیمپس ،وومن یونیورسٹی مردان کے حوالے کرنے کا فیصلہ

معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کی زیر صدارت اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹروومن یونیورسٹی کو فوری چارج سنبھالنے کی ہدایت

جمعہ 19 فروری 2016 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی کی زیر صدارت مردان وومن یونیورسٹی کے منصوبہ کی پیش رفت سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اولڈ کیمپس کی عمارت وومن یونیورسٹی مردان کے حوالے کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا اور اس حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹر وومن یونیورسٹی کو آئندہ ہفتے چارج سنبھا ل کر کام کا آغاز کرنے کی ہدایت دے دی گئی۔

جمعہ کے روز پشاور میں معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وومن یونیورسٹی مردان کے منصوبے کے مالی امور اور نصابی سرگرمیوں کے آغاز سمیت مختلف امور پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان الٰہی کے علاوہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تعلیم نسواں کی اہمیت و ضرورت سے بخوبی واقف ہے اس لئے صوبہ میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام میں خواتین کیلئے بھی اعلیٰ جامعات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وومن یونیورسٹی مردان کے عوام کے لئے ایک گراں قدر تحفہ ہے اور عوامی مفاد کے اس منصوبے میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر وومن یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے عبد الولی خان اولڈ کیمپس کا چارج سنبھال کر فوری طور پر اپنے کام کا آغاز کر دیں۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلا امتیاز صوبہ کے تمام اضلاع میں ترقیاتی اقدامات اٹھا رہی ہے اور بالخصوص صوبہ بھر میں سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کی بہتری و ترقی کے لئے ریکارڈ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں