وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ویمن یونیورسٹی مردان کے زیر تعمیر کیمپس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی

حکومت صوبے میں تعلیم نسواں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، کامیاب ،فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے کیمپس کی معیاری تعمیر ودیگر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید فنڈز مختص کئے جائینگے،پرویزخٹک

بدھ 17 فروری 2016 19:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ویمن یونیورسٹی مردان کے زیر تعمیر کیمپس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے درکار تمام تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا۔ یہ ہدایات انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ویمن یونیورسٹی مردان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، صوبائی وزیربرائے ابتدائی وثانوی تعلیم محمدعاطف، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، پراجیکٹ ڈائریکٹر وومن یونیورسٹی مردان اور سی پی او ہائر ایجوکیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر اور دیگر اہم معاملات پر پیش رفت سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم نسواں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب اور فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیمپس کی معیاری تعمیر اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے زیر تعمیر کیمپس تیار نہ ہونے تک عارضی عمارت میں تعلیمی سرگرمیوں کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں