انصاف عام،احتساب سر عام ، طاقت میں عوام کے نعرہ کو عملی جامہ پہنائیں گے،مشتاق غنی

حکومت نے صوبے میں معلومات اور عوامی خدمات تک رسائی جیسے قوانین نافذ کرکے اپنے اختیارات عوام کو منتقل کر دئیے ہیں،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 11 فروری 2016 20:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات او ر اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں معلومات اور عوامی خدمات تک رسائی جیسے قوانین نافذ کرکے اپنے اختیارات عوام کو منتقل کر دئیے ہیں اور حکومت اور اس کی مشینری کو براہ راست عوام کے سامنے جواب دہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی متعارف کرانے کے لئے کے 90 سے زیادہ قوانین صوبائی اسمبلی سے پاس کرائے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوکارہ (کرک) میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام "آگاہی سیمینار" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینا ر سے پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبود آبادی دینا ناز خٹک نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تیل اور گیس کی وسیع ذخائر نے کرک کو انتہائی اہمیت کا حامل ضلع بنا دیا ہے لہذا عوام باالعموم اور نوجوان باالخصوص مایوسی کا شکارنہ ہوں اور انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب لوگ د و بئی کی طرح نوکریوں کے لئے یہاں کا رخ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے نعرہ "انصاف عام،احتساب سر عام ، طاقت میں عوام"کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوشاں ہے اور ہم ہر حقدار کو اس کا حق دلا کر رہیں گے اور بھرتیوں کے لئے این ٹی ایس اور ایٹا ٹیسٹ جبکہ ٹھیکوں کے لئے ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کراکر اس کا عملی مظاہرہ کر چکے ہیں اور آج اﷲ تعالی کے فضل و کرم سے ہر جگہ میرٹ کا بول بالا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کے ساتھ کئے گئے تبدیلی لانے کے وعدے میں 70فی صد تک کامیابی حاصل کی ہے ۔مشتاق غنی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح ہم نے قومی خزانے کو شیر مادر نہیں سمجھابلکہ قومی امانت کے طور پر اس کے نگہبان ہیں۔اس کی پائی پائی کا صحیح استعمال یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور سفارش کلچر جس نے ہمارے نظام کو کھوکھلا کر دیا ہے کا خاتمہ ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہم نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

تحصیل کونسلر انجنیئر وقاص خٹک کی جانب سے پیش کردہ سپاسنامے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس پر پہلا حق ضلع کرک کے عوام کا ہے اور انہیں یہ حق دلانے میں پی ٹی آئی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے قابل عمل ہونے کی صورت میں چوکارہ میں گرلز ڈگری کالج کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں گرلز اور بوائز ڈگری کالجز تحت نصرتی کے دورے کے موقع پر انہوں نے دونوں کالجوں کے لئے ایک ایک بس فراہم کرنے اور ان سے ملحقہ پہاڑی تعمیراتی اور سیکورٹی مقاصد کیلئے خریدنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں کرک جاتے ہوئے معاون خصوصی نے ضلع کوہاٹ میں پوسٹ گریجویٹ کالج بوائز اور گرلز ڈگری کالج نمبر1پر اچانک چھاپے مارے۔انہوں نے گرلز کالج کی سیکورٹی اور صفائی پر اطمینا ن کا اظہار کیا تاہم بوائز کالج میں صفائی کی ناگفتہ بہ صورت حال پر انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کی سخت سرزنش کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں