پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلوانا مقدس فریضے کی تکمیل میں انتظامیہ کی کوششوں میں ہاتھ بٹانا ہے،نثار احمد خان

بدھ 10 فروری 2016 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ 10 فروری۔2015ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا دراصل ایک مقدس فریضے کی تکمیل میں انتظامیہ کی کوششوں میں ہاتھ بٹانا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں اس ماہ کی 15تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی ایچ او، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ ایف آر، ای پی آئی کے انچارج، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور، کلاچی، سرکاری محکموں کے افسران و نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ آنے والی پولیو مہم کے دوران 3لاکھ 9ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس مقصد کیلئے 196موبائل، 843ٹرانزٹ اور56فکسڈٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو 5سال تک کی عمر کے بچو ں کو مہم کے دوران گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ پولیو کے انتظامات کے سلسلے میں تمام محکموں کا تعاون ازحد ضروری ہے۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے ڈی سی نثار احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام افرا د کو باہمی تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ملک سے پولیو کی بیخ کنی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو ہمارے نونہالوں کو اپاہج بنا دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پولیو وائرس کے تدارک کے لئے محکمہ صحت کی طرف سے مقرر کردہ پولیو کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ہمیں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوانے چاہیں۔ انہوں نے گزشتہ پولیو مہمو ں کے دوران پائے جانے والے نقائص اور ریفیوزل کیسز کے خاتمے کی بھی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کیلئے فول پروف سیکورٹی پلان اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے تاکہ پولیو مہم بلا خوف و خطر اور کامیابی سے چلائی جا سکے

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں