پشاور میں 8 سوکنال اراضی پر جدید طرزکا ٹرانسپورٹ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، ملک شاہ محمد خان

بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ 100جدید بسیں چلانے کیلئے محکمہ عنقریب اشتہار جاری کریگا مرکزی حکومت صوبائی حکومت کیلئے روڑے اٹکا رہی ہے ،ریلوے کی زمین صوبائی حکومت کو لیز پر دینے سے انکار ی ہے، معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

بدھ 10 فروری 2016 18:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے رنگ روڈ انٹرچینج کے قریب 8 سوکنال پرمشتمل اراضی خریدی ہے۔جس پر جدید طرز کے بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹرانسپورٹ کمپلیکس تعمیرکیا جائے گا۔اس کے علاوہ پشاور میں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ سو جدید بسیں چلانے کے لئے محکمہ عنقریب اشتہار جاری کرے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفترپشاور میں اخباری نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ملک شاہ محمد خان وزیر نے بتایا کہ شہرمیں ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے ہدایت کی ہے کہ ٹرک ٹرمینل کے قیام کے لئے اراضی خریدی جائے جس کے لئے سروے شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت صوبائی حکومت کے لئے روڑے اٹکا رہی ہے اور وہ ریلوے کی زمین صوبائی حکومت کو لیز پر دینے سے انکار ی ہے جبکہ دوسری طرف وہ صوبے میں میٹرو کے لئے رقم کی فراہمی کے سلسلے میں عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹے وعدے کرتی ہے۔

اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے تمام پارلیمنٹرین میانوالی اورڈی آئی خان روٹ کی مخالفت پرمتفق نہیں کیونکہ مذکورہ مجوزہ راہداری سے صرف ایک ہی ضلع کو استفادہ ہوگا ۔یہی وجہ ہے کہ پہلے مرحلے میں کوریڈورII پر کام کاآغاز کیاجائیگا جس کے لئے ایشیا ڈیویلپمنٹ بنک سے بات ہوگئی ہے۔

کرپشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں وہ خود کئی دفعہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر پراچانک چھاپے لگا چکے ہیں جس کے نتیجے میں کئی اہلکاروں کو معطل کیاگیاہے جبکہ دوسرے محکموں کے ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں