معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کاحویلیاں کالج کا اچانک دورہ۔کالج کے پرنسپل سیت پانچ پروفیسرز معطل

تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا اور سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا،مشتاق غنی

پیر 8 فروری 2016 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے پیر کے روز گورنمنٹ کالج بوائز حویلیاں کا اچانک دورہ کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر مذکورہ کالج کے پرنسپل سمیت پانچ پروفیسروں کو معطل کرکے انکوائری کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کالج میں سیکیورٹی انتظامات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کالج انتظامیہ کو فوری طور پر سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کریں۔

علاوہ ازیں مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد یونیورسٹی سائنس اینڈٹیکنالوجی کا بھی اچانک دورہ کیا ۔ انہو ں نے یونیورسٹی میں سیکیورٹی انتظامات کوتسلی بخش قرار دیا تاہم انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو سکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا اور سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کالجز میں اساتذہ کی غیر حاضری اور کلاسزمیں عدم دلچسپی انتہائی قابل افسوس ہے ۔استاد کا معاشر ے میں ایک معزز اور قابل قدر مقام ہے جس کا انہیں خیال رکھنا چاہیے۔فرائض میں غفلت برتنے والے اساتذہ کو معاف نہیں کیاجاسکتا۔کالجز میں معلموں کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام کا نفاذناگزیر ہے جس کو بہت جلد صوبے کے سرکاری کالجوں میں لاگو کر دیا جائے گا۔دریں اثناء معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم گزشتہ روزہری پور میں روڈ ایکسڈنٹ میں جاں بحق ہونے والے کالج لیکچرارز کے گھروں میں گئے اور انکے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کی مغفرت کے لئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں