پی ٹی آئی انتخابات کے دوران کئے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کر رہی ہے،محب اللہ خان

اتوار 7 فروری 2016 17:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و فشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کے دوران کئے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کر رہی ہے اورگزشتہ حکمرانوں کی طرح خالی خولی نعروں اور محض وعدوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اس کا ثبوت مرحلہ وار ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علیگرامہ ہزارہ سوات میں ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جانے والے ٹیوب ویل کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مراد سعید اورپی ٹی آئی کے ضلعی صدر سعید خان بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ محب اللہ خان نے کہا کہ اس علاقے کے تحفظ کیلئے ایک کروڑ 53لاکھ روپے کی لاگت سے حفاظتی پشتے تعمیر کئے گئے تاکہ علاقے کے لوگوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اس علاقے میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے کئی ایک ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے،آبپاشی و آبنوشی کی کئی ایک سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ کئی ایک پائپ لائن میں موجود ہیں جن کی تکمیل کے بعد علاقے کی عرصہ دراز سے چلی آئی محرومیوں کا نہ صرف کافی حد تک ازالہ ہو جائے گا بلکہ یہاں کے لوگوں کے روزگار کا مسئلہ بھی حل ہو گا اور یہ علاقہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ معاون خصوصی محب اللہ خان نے اس موقع پر ہزارہ یونین کونسل کیلئے مزید ایک ٹیوب ویل کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں