خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناکر نوجوانوں کی نا امیدی ختم کی ہے،پرویز خٹک

جمعہ 5 فروری 2016 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناکر نوجوانوں کی نا امیدی ختم کی ہے اور ان کو بہتر مستقبل کی اُمید دلائی ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کے روز خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر پیٹر اُپٹن کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

برٹش کونسل کے دیگر ماہرین کے علاوہ خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجد علی خان اور دوسرے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے با چا خان یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعے پر ہمدردی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ کو صوبائی وزراء کے سکاٹ لینڈکے حالیہ دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کے عزم کو سراہا انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سکولوں کی بہتری اور اصلاحات کی بنیاد بہت مضبوط ہے انہوں نے کہاکہ شفافیت کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیاء کیلئے بھی ایک نمونہ ہوں گے برٹش کونسل کے ماہرین نے خیبرپختونخوا کے اساتذہ کی انگریزی زبان میں استعداد بڑھانے، زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے اور بچوں کی سکول چھوڑنے کی شرح کم کرنے کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اسی طرح برٹش کونسل ماہرین نے صوبے کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے اور تعلیمی معیار بہتر کرنے میں تعاون کرنے میں دلچسپی لی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقرریوں کے عمل میں شفافیت نے غریب عوام کی مایوسی کو ختم کیا ہے اب وہ اپنی قابلیت پر روزگار حاصل کرنے کیلئے پر اُمید ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت مکمل طور پر میرٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت نے صوبے میں انڈسٹریل پالیسی متعارف کراکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈوآپریشن کی سہولت فراہم کی ہے انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کو اب صرف ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت کی فہرست فراہم کرنی ہو گی اس مقصد کیلئے انہوں نے افراد کار کی استعداد کار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اختیارات بیورو کریسی سے نچلی سطح تک منتقل کئے گئے ہیں تاکہ عوام اپنے حقوق حاصل کرسکیں ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے ملاقات کی وفد کے اراکین میں ایف ۔کیو۔ کاواکی ڈائریکٹر انرجی ڈویژن ، مرکزی اور مغربی ایشیاء ڈویژن،لی زینگ، سینئر انرجی سپیشلسٹ پاک ریذیڈنٹ مشن اور عدنان ترین انرجی لیڈ شامل تھے ۔

صوبائی وزیر توانائی محمدعاطف خان، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، چیف سیکرٹری امجد علی خان، چیف ایگزیکٹیو پیڈو، سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین نے خیبرپختونخوا حکومت کی توانائی پالیسی کو سراہتے ہوئے خیبرپختونخوا کیلئے توانائی کی حکمت عملی وضع کرنے ، دیہی علاقوں کیلئے مائیکرو ہائیڈل سکیم بشمول آبی و شمسی ذرائع سے بجلی کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا اسی طرح انہوں نے دو سے تین ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبوں کیلئے مالی معاونت کی فراہمی میں بھی دلچسپی ظاہر کی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، پینے کے پانی کے ٹیوب ویلوں کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی پر زور دیا ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں