خیبر پختونخوا کے ضلعی ناظمین سیاسی مالی اور انتظامی امور نہ ملنے کے خلاف یکجا ہو گئے

چھ ما ہ گزر جانے کے باوجود اختیارات نہیں دیئے گئے جس سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے حکومت خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013پر من و عن عمل کرے،بلدیاتی نمائندوں کا مطالبہ

جمعہ 5 فروری 2016 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء ) خیبر پختونخوا کے ضلعی ناظمین سیاسی مالی اور انتظامی امور نہ ملنے کے خلاف یکجا ہو گئے۔چھ ما ہ گزر جانے کے باوجود اختیارات نہیں دیئے گئے جس سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013پر من و عن عمل کیا جائے۔اسی سلسلے میں ضلعی ناظمین کا اجلاس پشاور میں ضلع شانگلہ کے ناظم نیاز خان کی رہائش گاہ پر ضلع مردان کے ناظم حمایت اﷲ مایار کی صدارت میں ہوا جس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کو اصل حالت میں بحال کرنے ،اور ناظمین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ضلع پشاور کے ناظم ارباب عاصم ،ڈاکٹر عمر دراز،میجر ریٹائرڈ سجاد اور دیگر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے سے مسائل کا خاتمہ ممکن ہے انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران سے ملاقات میں تمام امور پر بات چیت ہوئی ہے اور عمران خان نے محکمہ پولیس کو ضلعی حکومت کے ماتحت بنانے، پولیس سیفٹی کمیشن میں منتخب نمائندوں کو شامل کرنے ،رولز آف بزنس اورپی این ڈی رولز میں ترمیم کی یقین دہائی کرائی ہے اور اسی سلسلے میں بہت جلد چیف سیکرٹری سے بھی ملاقات کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے ضلعی ناظمین سمیت منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مالی،سیاسی اور انتظامی امور دینے کی بھی یقین دہائی کرائی ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اصول پر عمل پیرا ہے ۔اس موقع پر ضلعی ناظم حمایت اﷲ مایار نے کہا کہ چھ ماہ گزرجانے کے باوجود ضلعی حکومتوں کو مالی ،سیاسی اور انتظامی اختیارات نہیں دیئے گئے جس کی وجہ سے لوگوں کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ویلج کونسلرز سے لیکر ضلعی ناظم تک کے بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں