ترقیاتی کاموں میں کسی کو کرپشن کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ شاہ فرمان

جمعرات 4 فروری 2016 19:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں کسی کو کرپشن کی اجازت نہیں دی جائیگی، ترقیاتی کام عوام کا حق ہے اور اس حق کو عوام تک صحیح معنوں میں پہنچانے کے سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ خود ترقیاتی کاموں کا معائنہ کریں گے کیونکہ اُنہوں نے خود کرپشن کی ہے اور نہ ہی وہ کسی کو ترقیاتی کاموں میں کرپشن کی اجازت دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں اپنے دفتر میں ادیزئی شیریکیرہ اور مشترکہ شیریکیرہ کی ترقیاتی و اصلاحی کمیٹی کے ممبران سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔کمیٹی میں جان حسن چےئرمین ، ملک ندیم احمد نائب چےئرمین سمیت ممبران کمیٹی حاجی فریداللہ ، انورخان ، حاجی عمر خان ، شیر علی ، مصری خان ، احمد خان ، ملک حاجی اکبر حسین ، گل مست ، حلیم گل ، محمد شاہ اور نور محمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے ممبران نے ادیزئی اور شیریکیرہ کے مسائل کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیل سے اگاہ کیا۔ شاہ فرمان نے کہا کہ وہ حلقہ پی۔کے،10 کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ متنی ہسپتال میں درکار سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وہ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کے ھمراہ متنی ہسپتال کا دورہ کریں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ازاخیل میں ایک نیا ہسپتال قائم کیا جائے گا جس سے شیریکیرہ کے عوام بھی علاج معالجہ کی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ شاہ فرمان نے کہا کہ کوہِ دامان میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیر کی گئیں ہیں جبکہ کوہِ دامان کے ہر یونین کونسل میں 5 سے 6 کلومیٹر لنک روڈ تعمیر کیا جائے گا جس سے پورے کوہ دامان کے عوام کو آمد ورفت کے سلسلے میں درپیش مسائل حل ہوجائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز قوم کے مشورے سے ضرورت کی بُنیاد پر منصفانہ طریقے سے استعمال کیے جائیں گے۔ شاہ فرمان نے کہا کہ کوہِ دامان کی ہر یونین کونسل میں تجرباتی طور پر ایک ، ایک ہزار زیتون کے پودے لگائے جائیں گے جس کے بعد ہر یونین کونسل میں ایک ، ایک لاکھ زیتون کے پودے لگائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کوہِ دامان کے زمینداروں کو ایک لاکھ زیتون کے درختوں سے سالانہ 40 کروڑ روپے کی آمدنی ہوگی جس سے یہاں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ زیتون کے پودوں کی کاشت اور ان کی مناسب نگہداشت کے سلسلے میں ڈائریکٹر زیتون ریسرچ و ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ عبدالصمد زمینداروں کو مناسب تربیت بھی دیں گے۔ شاہ فرمان نے علاقہ کوہِ دامان کے مسائل کے حل کے لیے عمائدین علاقہ پر ذور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں کیونکہ ہم پر قوم اور آنے والی نسلوں کا بڑا حق ہے اور اپنی انا کی خاطر ہمیں کوئی ایسا قدم نہیں اُٹھانا چاہیے جس کا خمیازہ ہماری آنے والی نسلوں کو دُشمنی کی صورت میں بھگتنا پڑے ۔ ترقیاتی و اصلاحی کمیٹی کے ممبران نے صوبائی وزیر شاہ فرمان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں حلقہ پی۔کے،10 کے مسائل کے حل کے سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں