پشاورمیں متعین ایران کے قونصل جنرل محمدباغربیگی کی گورنرسردارمہتاب سے ملاقات

خطے کی صورتحال اورفاٹامیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ٹی ڈی پیزکی واپسی کے حوالے سے گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) پشاورمیں متعین ایران کے قونصل جنرل محمدباغربیگی بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمدخان سے ملاقات کی۔ وہ کچھ دیر گورنر کیساتھ رہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت خطے کی صورتحال اورفاٹامیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ٹی ڈی پیزکی واپسی کے حوالے سے گفتگو کی۔

گورنر نے ملاقات کے دوران، ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جو حکومت خاص طور پر فاٹا میں متاثرین کی باعزت واپسی و بحالی اور تعمیر نوسمیت دیرپابنیادوں پر امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے اٹھارہی ہے اور واضح کیا کہ فاٹا کے عوام کیلئے بہترمستقبل یقینی بنانے کے ضمن میں تمام تر اقدامات ان کی امنگوں کے مطابق اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری آچکی ہے اور ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی سماجی ومعاشی ترقی خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہترسہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اُن کے معیار زندگی کو بہتربنانے اور انتظامیہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق جامع اصلاحات عمل میں لائی جارہی ہے ۔ گورنرنے کہاکہ قبائلی عوام نے پورے خطے کے امن وامان کی خاطر قربانیاں دی ہیں اوراب وقت آگیاہے کہ عالمی برادری ان کی قربانیوں کا اعتراف کرے اور ان کی واپسی اور بحالی میں اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔

گورنرنے اس موقع پر معزز مہمان کو بتایاکہ فاٹا میں امن وامان میں بہتری کے بعد ٹی ڈی پیز کی واپسی اوربحالی جاری ہے اورترقیاتی عمل کا آغاز ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقہ جات میں زراعت، معدنیات اور ہائیڈروپاور کے شعبوں میں کام کے وسیع مواقع موجود ہے اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگارہے۔ اس موقع پر معززمہمان نے فاٹامیں امن وامان کے قیام ،ٹی ڈی پیز کی واپسی اور جاری ترقیاتی عمل پرگورنرسردارمہتاب کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں