صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اغواء برائے تاوان اور بھتہ وصولی سمیت دیگر جرائم کی وجہ سے بزنس کمیونٹی عدم تحفظ کا شکار ہے،ذوالفقار علی خان

منگل 2 فروری 2016 20:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) ایس ایس پی آپریشن عباس مجید خان مروت نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی سفارش پر صنعتکاروں تاجروں اور دکانداروں کودرپیش مسائل کے فوری حل اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لئے خیبر پختونخوا چیمبر کے نامزد ممبران اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت الائیڈ سیکورٹی فورسز کے افسران پر مشتمل لیزان کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے اور خیبر پختونخوا چیمبر کو یقین دلایا ہے کہ محکمہ پولیس کاروباری طبقے کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں دہشت گردی کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن موثر اقدامات اٹھائے گی ۔

ڈسپیوٹ ریزولیشن کونسل فقیر آباد میں چیمبر کے نامزد ممبران کو شامل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی زیر صدارت چیمبر ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید نائب صدر شجاع محمد خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدور صوفی بشیر احمد درانی شرافت علی مبارک زاہداللہ شنواری ایگزیکٹو ممبران حاجی محمد افضل محمداشتیاق راشد اقبال اور حاجی محمد اسرار ضیاء الحق سرحدی فیض محمد فیضی صادق امین پرویز خٹک عابد اللہ صدر گل ملک افتخار احمد اعوان فیض رسول عبدالقادر صراف محمد عمران احسان اللہ مہمند اور ایس پی امتیاز سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ ممبران اور پولیس افسران کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں محکمہ پولیس کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اغواء برائے تاوان اور بھتہ وصولی سمیت دیگر جرائم کی وجہ سے بزنس کمیونٹی عدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی سخت اور موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کے مستقبل اور ان کی جانوں کے تحفظ کیلئے محکمہ پولیس اور نجی تعلیمی اداروں کو مل کر موثر سیکورٹی یقینی بنانی چاہئے۔

انہوں نے بزنس کمیونٹی کو درپیش روزمرہ کے مسائل کے حل کیلئے چیمبر اور محکمہ پولیس کے مابین لیزان کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جب تک صوبے میں امن قائم نہیں ہوگا کوئی بھی سرمایہ کاراس صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے شہر میں مختلف چیک پوسٹوں اور ناکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ریڈیو فریکونسی آئیڈیٹیفیکیشن اینڈ ڈی ٹیکٹنگ سسٹم نصب کرنے سمیت کارخانو مارکیٹ کے قریب نصب سکینر کو سڑک کے سائیڈ پر نصب کرنے سمیت بزنس کمیونٹی کیلئے اسلحہ پرمٹ اور لائسنسز کے فوری اجراء اور شہر میں پولیس نفری میں اضافے سمیت ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے لئے مطالبات پیش کئے ۔

ایس ایس پی آپریشن عباس مجید خان مروت نے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان اور ممبران کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ محکمہ پولیس بزنس کمیونٹی کے جان و مال کے تحفظ کے لئے موثر اور بروقت اقدامات اٹھائے گا ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بزنس کمیونٹی کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی سفارش پر صنعتکاروں تاجروں اور دکانداروں کودرپیش مسائل کے فوری حل اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر کے نامزد ممبران اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت الائیڈ سیکورٹی فورسز کے افسران پر مشتمل لیزان کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا اور یقین دلایا ہے کہ محکمہ پولیس کاروباری طبقے کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں دہشت گردی کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن موثر اقدامات اٹھائے گی ۔

انہوں نے ڈسپیوٹ ریزولیشن کونسل فقیر آباد میں چیمبر کے نامزد ممبران کو شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ ایس ایس پی آپریشن نے نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ 775تعلیمی اداروں کے خلاف ناقص سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے مقدمات درج کئے گئے ہیں تاہم کوئی گرفتاری نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں سمیت تمام سکولز کالجز اور یونیورسٹیز کیلئے SOPs بنائے گئے ہیں اور ان کا سیکورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے شہر کے مختلف تھانوں میں پولیس نفری میں اضافے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سمیت دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل سمیت ٹریفک مسائل کو دور کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں