صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہیں اورملوں کو سٹاک کے مطابق کوٹہ دیاجائے گا، قلندرلودھی

محکمہ خوراک کو صحیح خطوط پر استوار اورمزیدفعال بنایا گیا ہے،کہیں بھی گندم کی قلت کامسئلہ پیش نہیں،وزیرخوراک خیبرپختونخوا

بدھ 27 جنوری 2016 19:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) خیبرپختونخواکے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کو صحیح خطوط پر استوار اورمزیدفعال بنایا گیا ہے اورمحکمے کی کامیاب حکمت عملی کی بدولت صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اورکہیں بھی گندم کی قلت کامسئلہ پیش نہیں اور صوبے میں تمام فلور ملوں کو یکساں بنیادوں پر گندم کا کوٹہ دیا جاتاہے ۔

یہی وجہ ہے کہ پورے صوبے میں ہرجگہ مقررکردہ نرخ پرآٹا دستیاب ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پرسیکرٹری خوراک عصمت اﷲ گنڈا پور ،ڈائریکٹر خوراک انورخان ،ڈپٹی ڈائریکٹر عصمت اﷲ خان اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے جبکہ وفد میں پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک افتخار احمد، سینئر وائس چیئرمین حاجی مسرت شاہ اورسیکرٹری منصور صدیقی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان فلوملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کو صوبے میں فلورملز ایسوسی ایشن کے لئے گندم کا کوٹہ مزید بڑھایاجائے اورڈی آئی خان پڑی گندم کے استعمال کے لئے طریقہ کار وضع کرنے اوربردانے کے نرخ میں کمی سمیت ملوں کے لئے نیشنل بینک میں رقم جمع کرنے کے لئے مزید شاخوں کی سہولت دینے جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں صوبے میں سرکاری میزان کانٹوں جن میں سے 14 عدد کی منظوری ہوچکی ہے کے جلداز جلدقیام سے متعلق تفصیلی غوروخوص کیاگیا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر فلورملزایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کودرپیش مسائل کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں اور اس کے حل کے لئے ٹھوس اورعملی اقدامات اٹھا ئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبے کے تمام فلورملوں کے لئے حکومت کے سٹاک کے مطابق کوٹہ بڑھا یا جائے گا اور بینکوں میں رقم جمع کرنے کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ14 منظور شدہ سرکاری میزان کانٹوں کے قیام کے سلسلے میں فنڈ کے حصول کے بعد ان کے قیام کو جلداز جلد عمل میں لایاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں