پشاور ،سکندر حیات شیر پاؤ نے باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کے ورثاء میں فی کس 20لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے

ہفتہ 23 جنوری 2016 22:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی سکندر حیات خان شیر پاؤ نے ہفتہ کے روز چارسدہ ہری چند اور شکور میں باچا خان یونیورسٹی کے شہداء خالد عزیز اور سید کمال کے ورثاء میں فی کس 20لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد علی عمر زئی ، ممبر صوبائی اسمبلی خالد خان ، ڈسٹرکٹ و تحصیل ممران سمیت دیگر متعلقہ حکام اور قومی وطن پارٹی کے عہدیدارن بھی سینئر وزیر کے ہمراہ تھے۔

سکندر خان شیرپاؤ نے ورثاء کے ساتھ ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سکول ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بزدلانہ کاروائی کر کے بے گناہ اور معصوم طلبہ کو اپنے ظلم کا شکار بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ اور طلبہ تعلیم کی ترقی اور حصول کیلئے پر عزم ہیں اور اس قسم کی کاروائیاں ان کے عزم کو ڈانواں ڈول نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پہلے ہی سکولوں کو وافر فنڈز فراہم کر چکی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید فنڈز سمیت ہر ممکنہ اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کرے گی۔انہوں نے پاک فوج ، پولیس اور باچا خان یونیورسٹی کے گارڈز اور مقامی لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی بروقت اور موثر کاروائی کی وجہ سے آرمی پبلک سکول جیسے کسی بڑے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

سینئر وزیر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے میں اپنے بھر پور تعاون سے حکومت کا ساتھ دیں ۔اس موقع پر شہداء کے ورثاء نے کہا کہ انہیں اپنے بچوں کی تعلیم کے حصول میں ملنے والی شہادت پر فخر ہے اور وہ ظالموں کی ان بے رحمانہ کاروائیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں بلکہ اب وہ اپنے دوسروں بچوں کو مزید پختہ عزم کے ساتھ تعلیمی اداروں میں بھیجیں گے تاکہ ایک طرف تو ظالموں کے حوصلے پست ہوں تو دوسری جانب ملک کے دیگر والدین بھی اپنے بچوں کو تعلیم کے حصول کیلئے درسگاہوں میں بھیجیں

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں