پر ویز خٹک دہشت گرد حملے کی اطلاع ملنے پر لندن کا دورہ موقوف کرکے دبئی سے واپس پلٹ آئے

آپریشن ضرب عضب سے صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے ‘ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے افغانستان کا پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل ناگزیر ہے‘ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 20 جنوری 2016 21:31

پشاور۔20 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک جو لندن کے دورے پر جارہے تھے ‘ باچاخا ن یونیورسٹی سانحے کی اطلاع ملتے ہی اپنا دورہ موقوف کرتے ہوئے دبئی میں رکے اور وہاں سے واپس وطن کیلئے روانہ ہوگئے۔ ٹیلی فون پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور تازہ ترین اطلاعات لے رہے ہیں ۔

انہوں نے یونیورسٹی پر دہشت گردوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد دھندکا فائدہ اٹھاتے ہوئے یونیورسٹی میں داخل ہوئے اور معصوم طلبہ اور اساتذہ کو نشانہ بنایا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ معصوم جانوں کا ضیاع بہت بڑا سانحہ ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی اور اس میں چاروں دہشت گردوں کی ہلاکت کو بھی سراہا جانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں خفیہ ادارے اور سیکیورٹی فورسز پوری طرح مستعد ہیں اور ان کے درمیان قریبی رابطے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں اور ان کے اعلیٰ کاروں کی گرفتاریاں عمل میں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک بھر اور خصوصاََ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے لیکن جب تک افغانستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈز موجود ہیں تب تک دہشت گردی کے واقعات کا مکمل سد باب ممکن نہ ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس مقصد کیلئے پاکستان اور افغانستان کا دہشت گردوں کے خلاف باہمی اشتراک ناگزیر ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں