وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امریکہ کے تعاون سے قائم سنٹر فار ایڈوانس سٹیڈیز اینڈ انرجی کا افتتاح

مرکز کے قیام سے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور توانائی کے شدید بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی،پرویز خٹک کا افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 22:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے حکومت امریکہ کے تعاون سے قائم ہونے والے سنٹر فار ایڈوانس سٹیڈیز اینڈ انرجی ان یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی کا افتتاح کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس مرکز کے قیام سے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور توانائی کے شدید بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وہ صوبائی اسمبلی میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے سنٹر فا ر ایڈوانس سٹیڈیز اینڈ انرجی یونیورسٹی آ ف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، پشاور میں تعینات امریکی قونصل جنر ل ویلیم مارٹن، ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہر تاج روغانی، وائس چانسلر یوای ٹی امتیاز گیلانی، ڈاکٹر نجیب اﷲ ڈائریکٹر یو ایس پاکستان سنٹر فار ایڈوانس سٹیڈیز، ضلعی ناظم محمد عاصم اعلیٰ حکام اور سماجی شخصیات موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان کا اعلیٰ تعلیم، سماجی اور معاشی ترقی کیلئے باہمی تعاون بہت خوش آئند ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سنٹر فار ہائر سٹیڈیز سے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور امریکی یونیورسٹی کی مساعی ملک کو درپیش توانائی کے گھمبیر مسئلے کے حل میں سنگ میل ثابت ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی کاؤش صوبے کی کامیابی کی نئی راہیں کھول دے گی اور امریکی حکومت کی جانب سے 52 طلباء کو تعلیمی وظائف کی فراہمی سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے طلباء کو خصوصی طور پر مدد ملے گی۔پرویز خٹک نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون سے اعلیٰ تعلیم کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی راہ ہموار ہو گی وزیراعلیٰ نے پاکستانی اور امریکی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو یقینی بنانے کیلئے یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا ۔

قبل ازیں امریکی قونصل جنرل ویلیم مارٹن نے اپنے خطاب میں کہاکہ سنٹر فار ہائر سٹیڈیز کے قیام سے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے علاوہ باہمی تعلقات کے استحکام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاورکے وائس چانسلر امتیاز گیلانی نے کہا کہ مذکورہ مرکز کے قیام سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس مرکز میں با صلاحیت مگر مستحق طلباء کو وظائف اور اعلیٰ تعلیم کے وصول کی سہولیات میسر ہوں گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں