خیبرپختونخوا حکومت اقلیتی برادری کی حقوق کے تحفظ میں کوئی کسرنہیں چھوڑ یگی، ارشد خان عمرزئی

جمعہ 15 جنوری 2016 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنکل ایجوکیشن ارشد خان عمرزئی نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں بسنے والی تمام اقلیتیں یہاں کے برابر کے شہری ہیں اور ان کا جینا مرنا ہمارے ساتھ ہے لہذا حکومت ان کے حقوق کا پورا پورا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند اور اقلیت دوست ملک ہے اور یہاں پرتمام اقلیتوں کو ایک شہری کی حیثیت سے مکمل آزادی حاصل ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی آزادی بین الاقوامی سطح پر ان مسلمانوں کو بھی دی جائے جو دنیا میں جہاں کہیں بھی وہ اقلیت میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برگیڈمندر کوہاٹ میں ہندو مینارٹی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ہیپی لوڑھی 2016کے سلسلے میں منعقدہ پنڈت فقیر چند کھوکھر میموریل ایوارڈز (بھجن کرٹن)کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق ایم پی اے پرویز کے جی،قومی وطن پارٹی کے ضلعی صدر محمودالاسلام ایڈوکیٹ،اقلیتی نمائندوں اختر منیر،نزیر چند،اشوک کھوکھراور منیر تبسم نے بھی خطاب کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ قومی وطن پارٹی تمام اقلیتوں کی آزادی اور انہیں مکمل حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے گزشتہ دور حکومت میں اقلیتی امور کا ایک مکمل اور بااختیا ر محکمہ قائم کیاگیا اور پارٹی کے تنظیمی امور میں بھی اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے ساتھ ہیں ،انہیں ہر سطح پر سپورٹ کریں گے اور ان کے حقوق کے لئے اسمبلی سمیت ہر فورم پر موثر آواز اٹھائیں گے۔

ارشد عمرزئی نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور ہر قسم کی امتیاز سے بالا تر ہے اور ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر خالصتاً انسانیت کی خدمت کے لئے کررہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر ہندو پیشوا فقیر چند کھوکھر کی ہندو برادری کے فلاح و بہبود اور حقوق کے لئے گرانقدر خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شمشان گھاٹ کی تعمیر و مرمت اور مختلف تہواروں کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں